اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 27 پیسے کمی کر دی گئی جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 389 روپے 3 پیسے ہو گئی۔
ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں بھی 3 روپے 56 یپسے کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد ڈیزل کی فی لیٹر نئی قیمت 404 روپے 97 پیسے پر آ گئی۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 29 ستمبر کے لیے ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کے آخری روز پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 2 پیسے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا گیا تھا۔ جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 59 پیسے کی کمی کی گئی تھی۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جس کی وجہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کو قرار دیا گیا ہے۔ آبنائے ہرمز سے متعلق امریکا اور ایران کے تازہ ترین بیانات کے بعد خطے میں تیل کی سپلائی سے متعلق خدشات میں ایک بار پھر اضافہ ہوا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت 1.32 ڈالر یا 1.27 فیصد اضافے سے 105.64 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت 70 سینٹ یا 0.76 فیصد بڑھ کر 93.11 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی۔


