کینیڈا کے صوبے کیوبیک میں ہیلی کاپٹر گرنے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہو گئے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق کیوبیک کی پولیس نے بتایا کہ حادثہ سینٹ بریجید-ڈی آئیبرویل کے علاقے میں پیش آیا۔
پولیس نے بتایا کہ مونٹریال سے 50 کلومیٹر (31 میل) دور ایک چھوٹے قصبے میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہو گئے۔
14 جولائی 2026 کو برٹش کولمبیا کے علاقے نائٹ انلٹ میں ایک ہیلی کاپٹر پہاڑی ڈھلوان پر لینڈنگ کی کوشش کے دوران گر کر تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں پائلٹ سمیت دو افراد ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا تھا۔
گرنے کے بعد ہیلی کاپٹر میں آگ لگ گئی
کیوبیک پولیس کو موصول ہونے والی ہنگامی کال میں اطلاع دی گئی تھی کہ سینٹ بریجید-ڈی آئیبرویل کے علاقے میں گر کر تباہ ہونے کے بعد ہیلی کاپٹر میں آگ لگی ہے۔
سوریتے دو کیوبیک کے پولیس ترجمان سارجنٹ اینڈری اینی بلیوڈو کے مطابق یہ ایک نجی ہیلی کاپٹر تھا، ہلاک افراد کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی، ہلاک افراد کی شناخت کے عمل میں چند دن لگ سکتے ہیں۔
حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، تحقیقات شروع
حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی تاہم سوریتے دو کیوبیک کے میجر کرائم یونٹ نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ کینیڈا کے ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کے تفتیش کار بھی تحقیقات میں معاونت کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر ٹرانسپورٹ اسٹیون میک کینن نے سوشل میڈیا پر حادثے میں ہلاک ہونے والوں اور متاثرہ افراد سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے لکھا کہ میری ہمدردیاں اس سانحے سے متاثر ہونے والے تمام افراد کے ساتھ ہیں۔ شہری ہوا بازی کے آپریشنز کی حفاظت ٹرانسپورٹ کینیڈا کی اولین ترجیح ہے۔
میک کینن نے کہا کہ وفاقی حکومت صورتحال کی نگرانی کر رہی ہے اور ضرورت کے مطابق تمام ضروری تعاون فراہم کرے گی۔ ٹرانسپورٹ کینیڈا ایک نمائندہ مقرر کرے گا جس کی ذمہ داری ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کے ساتھ مل کر امدادی اور تحقیقاتی کارروائیوں کی نگرانی کرنا اور تحقیقات سے متعلق پیش رفت سے آگاہ کرنا ہو گی۔



