عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ سونا 2100 روپے سستا ہو گیا جس کے بعد فی تولہ سونے قیمت 4 لاکھ، 50 ہزار 936 روپے پر آ گئی۔
اسی طرح دس گرام سونا 1800 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 86 ہزار 604 روپے کا ہو گیا۔
اس کے علاوہ فی تولہ چاندی 60 روپے کمی کے بعد 6 ہزار 903 روپے کی ہو گئی، دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں سونا 21 ڈالر سستا ہو کر 4 ہزار 284 ڈالر فی اونس پر آ گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز عالمی مارکیٹ میں سونا 47 ڈالر مہنگا ہو کر 4305 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا تھا جبکہ مقامی صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ سونا 4 ہزار 700 روپے مہنگا ہونے کے بعد 4 لاکھ 53 ہزار 36 روپے پر پہنچ گیا تھا۔
سونے کی قیمتوں پر کون سے عوامل اثر انداز ہوتے ہیں؟
عالمی اور ملکی سطح پر مختلف عوامل سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہوتے ہیں، ان عوامل میں امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی، عالمی معاشی صورتحال میں غیر یقینی، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کا رجحان شامل ہے۔
عالمی سطح پر معاشی اور سیاسی غیر یقینی کے دوران سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں۔ ایسے حالات میں سونے کی طلب بڑھنے سے اس کی عالمی قیمت میں اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ غیر یقینی صورتحال میں کمی قیمتوں پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔
پاکستان میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے علاوہ روپے اور امریکی ڈالر کا شرح تبادلہ بھی مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے تعین میں اہم کردارادا کرتا ہے۔



