ممبئی: بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے معروف اداکار مشتاق خان 56 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
وہ ’ویلکم‘، ’غدر، ایک پریم کتھا‘، ’غدر 2‘ اور ’استری 2‘ سمیت متعدد مقبول فلموں میں معاون کرداروں کے باعث پہچانے جاتے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مشتاق خان گزشتہ کچھ عرصے سے پھیپھڑوں کے کینسر سے لڑ رہے تھے اور انہیں انتہائی تشویشناک حالت میں ممبئی کے ناناوتی اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں انہیں انتہائی نگہداشت کے یونٹ (آئی سی یو) میں رکھا گیا۔
رپورٹس کے مطابق مشتاق خان جمعرات کی شام دوران علاج انتقال کر گئے، ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد بالی ووڈ سے وابستہ شخصیات اور مداحوں کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
مشتاق خان نے اپنے فنی سفر کا آغاز 1980 میں فلم ’البرٹ پنٹو کو غصہ کیوں آتا ہے‘ سے کیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے تین دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط کیریئر میں ہندی فلموں کے ساتھ ٹیلی ویژن پر بھی کام کیا۔
اداکار نے اپنے کیریئر کے دوران مختلف نوعیت کے معاون کردار ادا کیے اور اپنی ورسٹائل اداکاری کے باعث فلمی شائقین میں منفرد شناخت بنائی۔
وہ عامر خان اور جوہی چاولہ کی معروف فلم ’ہم ہیں راہی پیار کے‘، ’عاشقی‘، ’مجھ سے شادی کرو گی‘ اور ’ویلکم‘ سمیت متعدد کامیاب فلموں کا حصہ رہے۔
مشتاق خان نے ’غدر: ایک پریم کتھا‘ اور اس کے سیکوئل ’غدر 2‘ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے، جبکہ حالیہ برسوں میں وہ ’استری 2‘ جیسی مقبول فلم میں بھی نظر آئے۔
تین دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط فنی سفر میں مشتاق خان نے مختلف کرداروں کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
ان کی اداکاری میں کردار کے مطابق مزاح، سنجیدگی اور جذباتی انداز نمایاں رہا، جس کے باعث انہیں معاون کرداروں میں خاص مقام حاصل ہوا۔



