ممبئی: بھارتی ٹیلی ویژن کے معروف اداکار و کامیڈین ایشور ٹھاکر گردے کی بیماری کے باعث ممبئی کے علاقے تھانے کے ایک اسپتال میں داخل ہیں، جہاں طبیعت کی سنگینی کے پیش نظر انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں رکھا گیا ہے۔
ایشورٹھاکر ’بھابھی جی گھر پر ہیں‘ اور ’ایف آئی آر‘ جیسے مقبول کامیڈی ٹی وی شوز میں اداکاری کے ذریعے شہرت حاصل کرچکے ہیں تاہم گزشتہ کئی برس سے بیماری اور مالی مشکلات کے باعث وہ شدید پریشانی کا سامنا کر رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایشور ٹھاکر کی بہن نے بتایا کہ ان کی بیماری کا آغاز 2020 میں کورونا وائرس کے لاک ڈاؤن سے تقریباً تین ماہ قبل پاؤں میں ہونے والے ایک زخم سے ہوا۔
ایشور ٹھاکر شوگر کے مریض ہیں، جس کے باعث پاؤں کا زخم ٹھیک نہ ہوسکا اور بعد ازاں انفیکشن نے شدت اختیار کرلی۔
اہلخانہ کے مطابق انفیکشن بعد میں ان کے پورے جسم میں پھیل گیا، جس کے باعث ان کی صحت مسلسل متاثر ہوتی رہی۔ چند روز قبل ان کی طبیعت اچانک مزید بگڑ گئی، جس پر انہیں فوری طور پراسپتال منتقل کیا گیا۔
ان کی بہن کا کہنا ہے کہ اسپتال منتقل کئے جانے کے بعد سے ایشورٹھاکر بے ہوش ہیں اورڈاکٹرزکی نگرانی میں زیر علاج ہیں۔
اہلخانہ نے ان کی بیماری کے دوران علاج اور دیکھ بھال پراپنی جمع پونجی خرچ کردی ہے، جس کے بعد اب انہیں مالی مدد کی ضرورت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاؤں کے زخم کے باعث ایشور ٹھاکر کو پہلے فیٹی لیور کا مسئلہ بھی درپیش رہا، تاہم علاج کے بعد یہ مسئلہ بہترہوگیا تھا، بعد ازاں انہیں دوبارہ صحت کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا اور بیماری شدت اختیار کرتی گئی۔
اہلخانہ کے مطابق ایشور ٹھاکر کے شوز ’ایف آئی آر‘ اور ’بھابھی جی گھر پر ہیں‘ کی انتظامیہ نے مشکل وقت میں ان کی کافی مدد کی جبکہ ساتھی اداکاروں نے بھی ان کا ساتھ دیا۔ اداکارہ کویتا کوشک نے بھی ایشور ٹھاکر کی مدد کے لیے اپیل کی ہے۔
54 سالہ ایشور ٹھاکر غیرشادی شدہ ہیں اوراس وقت ان کی والدہ اور چھوٹی بہن اسپتال میں ان کی دیکھ بھال کر رہی ہیں، اہلخانہ نے ان کے علاج کے لیے مزید مالی معاونت کی اپیل کی ہے۔



