ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیو ٹیم کے دو افسران ڈیوٹی سے واپسی کے دوران لاپتہ ہو گئے، جنہیں مبینہ طور پر اغوا کیے جانے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ڈی پی او ڈی آئی خان ضیاءالدین احمد کے مطابق واقعہ تحصیل کلاچی کے علاقے کوٹ دولت میں پیش آیا، جہاں پولیو ٹیم کے آفیسر مبشر حسن اور سپروائزر ٹیکہ جات جمعہ خان گزشتہ روز ڈیوٹی مکمل کرنے کے بعد واپسی کے دوران لاپتہ ہو گئے۔
پولیس کے مطابق پولیو ٹیم کے دو افسران کو مبینہ طور پر اغواء کر لیا گیا ہے، ایک مغوی کے بھائی سخی جان نے اغوا کی رپورٹ درج کرا دی۔
ڈی پی او ڈیرہ اسماعیل خان ضیاء الدین احمد کے مطابق دونوں اہلکاروں سے گزشتہ روز سے رابطہ منقطع ہے، دونوں کا تعلق یونین کونسل ہتھالہ سے ہے۔
لاپتہ افسران کی تلاش شروع کر دی گئی
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں، اور لاپتہ افسران کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل بلوچستان کے ضلع نوشکی میں پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور 2 پولیس اہلکار فائرنگ سے شہید ہو گئے تھے۔
سٹی پولیس کا کہنا تھا کہ کلی جمال آباد میں پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور اہلکاروں پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں محمد یاسر اور عبدالرؤف شہید ہوئے۔
پولیس کے مطابق حملہ آور جائے واردات سے فرار ہوتے وقت شہید اہلکاروں کا سرکاری اسلحہ بھی ساتھ لے گئے۔
رواں سال مئی میں بھی خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں بھی پولیو ویکسینیشن ٹیموں کو نشانہ بنانے کے الگ الگ واقعات میں دو پولیس اہلکار شہید ہوئے تھے۔
ڈیرہ اسماعیل خان اور نوشکی میں افسروں کے لاپتہ ہونے اور فائرنگ کے واقعات ایسے وقت میں پیش آئے ہیں جب ملک بھر میں 21 ستمبر سے انسدادِ پولیو مہم شروع ہے ،جو 27 ستمبر تک جاری رہے گی، مہم کے دوران ملک بھر میں تقریباً 3 کروڑ 10 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
پنجاب میں تین روز کے دوران 61 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے
پنجاب میں انسداد پولیو مہم کے پہلے 3 روز کے دوران 61 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔ لاہور میں 9 لاکھ ، 5 ہزار، راولپنڈی میں 4 لاکھ سے زائد اور ملتان میں 7 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے گئے۔
سربراہ انسداد پولیو پروگرام خالد پرویز کا کہنا ہے کہ 9 اضلاع میں آج مہم کا اخری روز ہے، جبکہ لاہور میں مہم کا دورانیہ 7 روز ہے۔
علاوہ ازیں ایمرجنسی آپریشن سنٹر سندھ کے مطابق صوبے کے 30 اضلاع میں ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم کا چوتھا روز جاری ہے، مہم کے دوران 85 لاکھ 90 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں، تقریباً ایک کروڑ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
ای او سی سندھ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ پولیو ورکرز امید اور تحفظ کا پیغام لیے آپ کی دہلیز تک پہنچ رہے ہیں ، ان کے ساتھ تعاون کریں، مہم کے دوران سفر کی صورت میں 1166 پر کال کریں، ہماری ویکسینیشن ٹیمیں جہاں آپ موجود ہوں گی، وہیں آپ کے بچے تک ویکسینیشن کی سہولت پہنچانے میں مدد کریں گی۔


