نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے بہاولپور سے 17 سالہ سیکنڈ ائیر کے طالب علم کو گرفتار کرلیا۔
حکام کے مطابق نوجوان نے مبینہ طور پر اپنے والد کو زہر دے کر قتل کرنے کے طریقے سے متعلق مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے مدد طلب کی تھی۔
حکام کے مطابق گرفتار نوجوان بہاولپور کا رہائشی اور والدین کا اکلوتا بیٹا ہے، جس کے اپنے والد کے ساتھ تعلقات کشیدہ تھے، والد کی ناراضی پر نوجوان نے مبینہ طور پر انہیں زہر دینے کا منصوبہ بنایا۔
اے آئی سسٹم کے آٹو جنریٹڈ الرٹ سے کارروائی
ذرائع کے مطابق نوجوان نے والد کو زہر دینے کی ایک مبینہ کوشش ناکام ہونے کے بعد دوبارہ اے آئی سے مدد لینے کی کوشش کی۔ اے آئی سسٹم میں موجود آٹو جنریٹڈ الرٹ کے ذریعے مبینہ سرگرمی کی اطلاع این سی سی آئی اے پنجاب کو موصول ہوئی، جس کے بعد ٹیم نے بہاولپور میں کارروائی کرتے ہوئے نوجوان کو حراست میں لے لیا۔
تحقیقات کے مطابق گرفتار نوجوان مشہور امریکی کرائم سیریز ’بریکنگ بیڈ‘ سے متاثر تھا اور کیمیا دان بننے کی خواہش میں اس نے گھر میں ایک چھوٹی لیبارٹری بھی قائم کر رکھی تھی۔
حکام کے مطابق نوجوان نے مبینہ طور پر لیبارٹری میں زہر تیار کرنے کیلئے کیمیائی مواد بیرون ملک سے، جبکہ کچھ مواد اسلام آباد سے منگوایا تھا۔
حکام کے مطابق گرفتار نوجوان سے مزید تحقیقات جاری ہیں اور معاملے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ پولیس نے تاحال واقعے کا مقدمہ درج نہیں کیا۔



