پشاور: بڈھ بیر پولیس ٹیم پر مسلح ملزمان کی فائرنگ کے نتیجے میں قبروں کی بے حرمتی کے مقدمے میں زیرِ حراست ملزم ہلاک ہوگیا، جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کے مطابق تھانہ بڈھ بیر کی ٹیم زیرِ حراست ملزم سلمان ولد افغان کو جائے وقوعہ کی نشاندہی کے لیے شیخان قبرستان لے جا رہی تھی کہ تین موٹر سائیکلوں پر سوار 6 نامعلوم مسلح ملزمان نے پولیس ٹیم پر اچانک فائرنگ کردی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ سے سرکاری گاڑی کو نقصان پہنچا جبکہ ایک پولیس اہلکار کی بلٹ پروف جیکٹ اور ہیلمٹ بھی گولیوں کی زد میں آئے۔
فائرنگ کی زد میں آکر زیرِ حراست ملزم سلمان شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جارہا تھا تاہم وہ راستے میں دم توڑ گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
پس منظر
پولیس کے مطابق ملزم سلمان کو گزشتہ روز شیخان قبرستان میں ایک قبر کی مبینہ بے حرمتی کی کوشش کے دوران مقامی افراد نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم افغان شہری اور باڑہ قدیم کا رہائشی تھا۔
ایس پی صدر ڈویژن فدا حسین کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزم پر الزام تھا کہ وہ قبریں کھود کر بالخصوص بچیوں اور بچوں کی لاشیں نکالتا رہا۔ پولیس نے بتایا تھا کہ ملزم نے اس سے قبل بھی متعدد قبریں کھودنے کا انکشاف کیا تھا اور مزید تفتیش جاری تھی۔
ایس پی صدر ڈویژن کا کہنا تھا کہ ملزم قبریں کھود کر مبینہ طور پر بچیوں کی لاشیں نکالتا اور انہیں قبرستان کے قریب جھاڑیوں میں لے جا کر بے حرمتی کرتا تھا۔
انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ملزم نے آج بھی ایک قبر کھود کر بچی کی لاش نکالی تھی، تاہم مقامی افراد نے اسے موقع پر پکڑ لیا۔
فدا حسین کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں ملزم کی جانب سے اس سے قبل بھی 4 قبریں کھود کر بچیوں کی لاشیں نکالنے اور مبینہ بے حرمتی کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
ایس پی صدر ڈویژن فدا حسین کا کہنا تھا کہ ملزم بچے کی قبر کو چھوڑ دیتا تھا اور صرف بچیوں کی قبروں کو نشانہ بناتا تھا،ایس پی صدر ڈویژن کے مطابق ملزم انٹر پاس ہے۔
پولیس کے مطابق زیرِ حراست ملزم کو آج مزید تفتیش اور جائے وقوعہ کی نشاندہی کے لیے شیخان قبرستان لے جایا جارہا تھا کہ مسلح افراد نے پولیس ٹیم کو نشانہ بنا دیا۔
حملے کے محرکات اور مسلح افراد کی شناخت تاحال سامنے نہیں آسکی، جبکہ پولیس نے واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔



