ایرانی سفیر کی عمران خان سے ملاقات، ایرانی صدر کا پیغام پہنچایا

ایرانی سفیر کی عمران خان سے ملاقات، ایرانی صدر کا پیغام پہنچایا

اسلام آباد: ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے بنی گالہ میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی ہے اور انہیں ایرانی صدر حسن روحانی کی جانب سے انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد کا پیغام پیش کیا ہے۔

پی ٹی آئی کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے سے پاکستان کا مستقبل بدل سکتا ہے، ایران اس منصوبے کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ تعمیری بات چیت کیلئے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران علاقائی تعاون اور ترقی کے ایجنڈے میں پاکستان کے ساتھ اشتراک کے لیے ہمہ وقت تیار ہے، پاکستان کے ساتھ تعاون اور اشتراک کی تمام راہیں کھلی ہیں، ایران پاکستان کے ساتھ تجارت بڑھانے کا بھی خواہشمند ہے۔

ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ خطے میں صورتحال نہایت حساس ہے، ایران خطے میں امن کے لیے پاکستان کی تجاویز کا خیرمقدم کرے گا۔

عمران خان نے ایرانی صدر کی جان سے تہنیتی پیغام پہنچانے اور مبارکباد دینے پر ایرانی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان ایران سمیت تمام ہمسائیوں کے ساتھ تجارت کا خواہاں ہے، پاکستانی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا پی ٹی آئی کا اہم ترین ہدف ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح ایران نے اپنی ملکی سالمیت کا تحفظ کیا ہے وہ بہت قابل تحسین ہے، پاکستان، ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعمیری اور مثبت کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ وہ ایران کا دورہ کرنے اور وہاں موجود تاریخی مقامات کی زیارت کے خواہش مند ہیں۔

ملاقات کے موقع پر پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، شیریں مزاریں اور نعیم الحق بھی موجود تھے۔


متعلقہ خبریں