لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گرین ٹریکٹر پروگرام فیز فور کی ڈیجیٹل قرعہ اندازی کرکے باقاعدہ افتتاح کردیا جبکہ گرین ٹریکٹر پروگرام فیز فائیو کے لیے ایپلی کیشن پورٹل بھی لانچ کردیا گیا۔
مریم نواز شریف نے بٹن دبا کروزیراعلی ہائوس میں ڈیجیٹل قرعہ اندازی کی اور کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گرین ٹریکٹر سکیم میں فراہم کیے جانے والے ٹریکٹرز کا معائنہ بھی کیا، انہوں نے مقامی طور پر تیار کردہ 90 ہارس پاوراورمقامی طور پراسمبل شدہ 100 ہارس پاور کے ٹریکٹرز دیکھے اور اظہار اطمینان کیا۔
پہلا گرین ٹریکٹر اٹک کے کسان کے نام
گرین ٹریکٹر سکیم فیز فور کی ڈیجیٹل قرعہ اندازی میں پہلا ٹریکٹر اٹک کے مسعود خان ولد لال خان کے نام نکلا، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے قرعہ اندازی میں کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو گرین ٹریکٹر پروگرام فیز فور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، صوبائی وزیر زراعت عاشق کرمانی نے وزیراعلیٰ کو پروگرام کے مختلف مراحل، درخواستوں اور ٹریکٹرز کی فراہمی سے متعلق آگاہ کیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال کاشتکاروں کو دو مراحل میں مجموعی طور پر 19 ہزار 500 گرین ٹریکٹرز فراہم کیے جائیں گے۔
“کاشتکار میرے بھائی، کاشتکار ہمارے محسن”
وزیرِاعلیٰ مریم نواز شریف کی پنجاب کے کسانوں کے لئے تاریخی خدمات
20 سال میں کسانوں کے لئے 10 ہزار ٹریکٹر،ڈھائی سال میں 35 ہزار ٹریکٹرز
20 سال میں ایگریکلچر میکانائزیشن پر تین ارب، ڈھائی سال میں 20 ارب روپے
پنجاب میں پہلی مرتبہ 90 ہارس… pic.twitter.com/ViQmZqATkD
— PMLN Punjab (@PMLNPunjabPk) September 23, 2026
گرین ٹریکٹر فیز فور میں 50 سے 65 ہارس پاور کے 10 ہزار ٹریکٹرز دیے جائیں گے، جن پر حکومت پنجاب فی ٹریکٹر 7 لاکھ 50 ہزار روپے سبسڈی دے گی۔
19 ہزار 500 ٹریکٹرز، کسانوں کیلئے بڑی سہولت
بریفنگ کے مطابق گرین ٹریکٹر پروگرام کیلئے 17.6 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ گرین ٹریکٹر پروگرامز کے تحت کسانوں کو 10 لاکھ روپے فی ٹریکٹر تک سبسڈی کے ساتھ اب تک 24 ہزار ٹریکٹرز فراہم کیے جا چکے ہیں۔
گرین ٹریکٹر سکیم میں بھکر، جھنگ، لودھراں، وہاڑی سمیت جنوبی پنجاب کے اضلاع کا تناسب زیادہ ہے، جبکہ ہر ضلع میں ٹریکٹرز کا کوٹہ کاشت شدہ اراضی کے تناسب سے مقرر کیا گیا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ گرین ٹریکٹر سکیم میں 5 ایکڑ یا اس سے زیادہ زرعی اراضی کے مالک کاشتکار درخواست دینے کے اہل ہیں۔
پروگرام کیلئے 2 لاکھ 13 ہزار 637 سے زائد کسانوں نے درخواستیں دیں، جبکہ پی ایل آر اے اور نادرا سے تصدیق کے بعد 1 لاکھ 28 ہزار 757 اہل کاشتکاروں کو قرعہ اندازی میں شامل کیا گیا۔
فیز فائیو میں ہائی پاور ٹریکٹرز پر 10 لاکھ روپے سبسڈی
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے گرین ٹریکٹر پروگرام فیزفائیو کیلئے ایپلی کیشن پورٹل بھی لانچ کردیا۔
بریفنگ کے مطابق فیز فائیو میں 75 سے 125 ہارس پاورکے 9 ہزار500 ہائی پاور ٹریکٹرز فراہم کیے جائیں گے اور ہر ٹریکٹر پر 10 لاکھ روپے سبسڈی دی جائے گی۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ 90 ہارس پاور کے ٹریکٹرز کی مقامی سطح پرمینوفیکچرنگ جبکہ 100 ہارس پاور ٹریکٹرز کی اسمبلنگ شروع ہوئی ہے، مقامی طور پر تیار کردہ 5 ٹریکٹرز بھی وزیراعلیٰ گرین ٹریکٹر سکیم میں شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو بتایا گیا کہ گزشتہ 20 سال میں کسانوں کیلئے 10 ہزار ٹریکٹرز فراہم کیے گئے، جبکہ ڈھائی سال میں 35 ہزار ٹریکٹرز فراہم کیے جا رہے ہیں۔
گزشتہ 20 سال میں ایگریکلچر میکانائزیشن پر 3 ارب روپے خرچ ہوئے، جبکہ ڈھائی سال میں اس مقصد کیلئے 20 ارب روپے خرچ کیے گئے ہیں۔
بریفنگ کے مطابق سی ایم گرین ٹریکٹر سکیم کی بدولت پنجاب میں ٹریکٹر سازی کی صنعت اور ٹریکٹرز کی خرید و فروخت میں واضح اضافہ ہوا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ کاشتکار میرے بھائی، کاشتکار ہمارے محسن ہیں، حکومت پنجاب کسانوں کی خوشحالی اور زرعی شعبے کی ترقی کیلئے اقدامات جاری رکھے گی۔
