وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی تیاری کر رہی ہے، اس بار مستقل حل نکالیں گے، یہ لوگ اپنا اور لوگوں کا نقصان کرائیں گے ،احتجاج کا کسی کو فائدہ نہیں ہو گا تاہم ملکی معیشت کا نقصان ضرور ہو گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا آرڈر موجود ہے۔ حکومت اس پر من و عن عملدرآمد کرائے گی، پی ٹی آئی کے جو بھی سمجھدار سیاستدان ہیں وہ لانگ مارچ نہیں چاہتے۔
محسن نقوی نے کہا کہ ایسا نہیں ہو گا کہ وہ لوگ آ کر بیٹھ جائیں اور ملک دس، بیس دن کے لیے بند ہو جائے، ایسا کچھ نہیں ہو گا، ان سے نمٹنے کے لیے اس بار مستقل حل نکالیں گے۔ بار بار یہ چیزیں نہیں ہو سکتیں، اس بار حکومت انتشار کو برداشت نہیں کرے گی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سومنات والی بڑھکوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا، لانگ مارچ کے لیے آتے ہیں تو اس مرتبہ کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ اور کوئی لوپ ہولز نہیں چھوڑیں گے۔
گزشتہ روز صدر پاکستان پی ٹی آئی خیبرپختونخوا جنید اکبر نے مردان میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پچھلی مرتبہ ہم اپنی لاشیں اٹھا کر واپس چلے گئے تھے اور ہم اس پوزیشن میں نہیں تھےکہ احتجاج کرسکتے، اس دفعہ ایسا نہیں ہوگا کہ لاشیں دفن کرکےخاموش رہیں، اسلام آباد کو ہم سومنات بنائیں گے۔
“بانی پی ٹی آئی کے چیک اپ کے حوالے سے ان لوگوں کو بتانا ضروری نہیں”
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے چیک اپ کے حوالے سے ان لوگوں کو بتانا ضروری نہیں ہے، پی ٹی آئی کے لوگوں کو خود بھی پتہ نہیں ان کے مطالبات کیا ہیں؟ اگر ان کا مطالبہ بانی پی ٹی آئی کا چیک اپ ہے تو وہ کل رات بھی ہوا۔ علاج کے حوالے سے قانون کے مطابق ہر سہولت فراہم کی جائے گی، ان لوگوں کے کہنے پر نہیں چلیں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا اسلام آباد میں موجود ان کی قیادت سے کئی مرتبہ کہا ہے کہ آپ کوئی بھی چیز اس طرح کے ڈراموں سے حاصل نہیں کر سکتے۔ اب بھی کہتا ہوں کہ ان کے پاس ابھی بھی وقت ہے اس بند گلی میں نہ جائیں جہاں سے واپسی کا راستہ نہ ہو۔
محسن نقوی نے کہا کہ پچھلے دس دن سے خیبر پختوںخوا کے حالات آپ کے سامنے ہیں، ایک مسجد پر خودکش حملہ ہوا۔ اس کے علاوہ کئی حملوں میں ہمارے جوان شہید ہوئے ہیں۔ افغانستان جب تک مسلح جتھوں کو نہیں روکے گا ، اس کیساتھ ہمارے حالات معمول کے مطابق نہیں آئیں گے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ رات ایک بجے پشاور میں جنازوں میں تھا، شہداء کے جنازے میں خیبر پختونخوا کے کسی وزیر نے شرکت نہیں کی۔ آپ کے سیاسی اختلافات جتنے مرضی ہوں لیکن اتنا اوپر کسی کو جاتے نہیں دیکھا، ایسا کبھی نہیں ہوا کہ جنازوں میں شرکت نہ کریں۔
تیل کی صورتحال کے حوالے سے وزیر داخلہ نے کہا کہ عالمی منڈی کی صورتحال کی وجہ سے ملک میں قیمتوں کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، گزشتہ روز بھی ہم نے بڑی مشکل سے اپنی شپ نکلوائی ہے، پٹرول کی قیمتیں کم کرنے کیلئے کوشش کر رہے ہیں۔
“عوام کی مرضی ہوئی تو نئے صوبے ضرور بنیں گے”
نئے صوبوں سے متعلق بات کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کا معاملے تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، میرے خیال سے صوبوں کی تحریک بہت تیزی سے چل رہی ہے، بزنس کمیونٹی، کسان سمیت ہر طبقہ تحریک میں شامل ہو رہا ہےمیں بہت پر امید ہوں، اللہ تعالی نے چاہا اور عوام کی مرضی ہوئی تو صوبے ضرور بنیں گے۔



