علیمہ خان کے بعد بانی پی ٹی آئی عمران خان کی دیگر دو بہنوں نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے 27 ستمبر کے احتجاج کے پیش نظر جاری کریک ڈاؤن کے دوران پولیس نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں نورین نیازی اور عظمیٰ خان گرفتار کر لیا ہے۔
اہلخانہ کے مطابق عظمیٰ اور نورین خان کو رات گئے بچوں سمیت گرفتار کیا گیا، گرفتاری کے بعد بچوں اور دیگر اہلخانہ کو چھوڑ دیا گیا۔
تھری ایم پی او آرڈر کے تحت گرفتاری کے بعد نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو کوٹ لکھپت جیل لاہور منتقل کر دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے عظمیٰ اور نورین خان کا نظربندی آرڈر جاری کرتے ہوئے کہا کہ عظمیٰ اور نورین خان کو 30 روز کیلئے جیل بھجوایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کے مطابق عظمیٰ اور نورین خان کو نقص امن کے خطرے کے پیش نظر جیل بھجوایا گیا۔
گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کو پولیس نے لاہور میں ان کی رہائشگاہ کے باہر سے حراست میں لے کر کوٹ لکھپت جیل منتقل کر دیا تھا۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے تھری ایم پی او کے تحت علیمہ خان اور پی ٹی آئی رہنما محمد امیر کی 30 روزہ نظر بندی کے احکامات جاری کر دیئے تھے۔
ڈی سی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کی سفارش پر نظر بندی کے احکامات جاری کئے گئے، پولیس رپورٹس کے مطابق دونوں افراد سے امن و امان میں خلل کا خدشہ ہے ، دونوں افراد کو 30 روز کیلئے کوٹ لکھپت جیل میں رکھا جائے گا۔
علیمہ خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں الزام عائد کیا کہ ’’غیر قانونی حکومت اور غیر قانونی اقتدار پر قابض اس کے سہولت کاروں‘‘ نے علیمہ خان کو ان کے گھر کے باہر سے اغوا کیا ہے۔
اس ناجائز حکومت اور انکے ناجائز اقتدار پر قابض ہینڈلرز نے علیمہ خانم کو انکے گھر کی باہر سے اغواء کر لیا۔
— PTI (@PTIofficial) September 20, 2026
ادھر علیمہ خان کے وکیل رانا مدثر عمر کا کہنا تھا کہ پولیس نے غیر قانونی طور پر حراست میں لیا، علیمہ خان کی لاہور کے تمام مقدمات میں ضمانتیں ہیں، علیمہ خان کو کس مقام یا تھانے میں رکھا ہے، ہمیں کوئی علم نہیں۔
علیمہ خان صاحبہ صبح ڈرائیور کے ہمراہ گھر سے نکلیں تو پولیس نے غیر قانونی طور پر ان کو گرفتار کر کے نا معلوم مقام پر منتقل کیا۔ علیمہ خان صاحبہ کی لاہور کے تمام مقدمات میں ضمانتیں ہیں۔ ان کو کس مقدمہ، مقام یا تھانہ میں رکھا ہے اس بابت ابھی کچھ علم میں نہ ہے۔ @PTIofficial https://t.co/EYUpW3weVN
— Rana Mudassar Umer (@MudassarUmer4) September 20, 2026
عمران خان کی تینوں بہنوں کی گرفتاری ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پی ٹی آئی 27 ستمبر کو ملک گیر احتجاج اور اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی تیاری کر رہی ہے۔ پارٹی کے مطابق احتجاج کا مقصد عمران خان کی رہائی ہے۔



