کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں ماں اور تین بچوں کا قاتل مبینہ طور پر پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔
پولیس نے اس سے قبل میڈیا کو واقعے کی تفصیلات بتائی تھیں کہ 14 ستمبر کو سیکٹر سیون ڈی سرجانی ٹاؤن کے ایک گھر سے 34 سالہ مہوش، اس کی 6 سالہ بیٹی حرا، 5 سالہ بیٹا حنین اور ڈیڑھ سالہ بیٹی اشمیرہ کی لاشیں ملی تھیں جب کہ ڈیڑھ سالہ اشمیرہ کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گئی۔
پولیس حکام نے ملزم کی ہلاکت سے متعلق بتایا کہ پولیس ملزم کی نشاندہی پرآلہ قتل برآمد کرنے گئی تھی کہ اس دوران ملزم نے موقع ملتے ہی پولیس اہلکارکی پستول نکال کرپولیس پرفائرنگ کردی۔
پولیس کے مطابق ملزم کی فائرنگ سے ایک اے ایس آئی نعمان شیخ زخمی ہوگیا جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزم ماراگیا۔
پولیس نے بتایا کہ چھینا گیا پولیس پستول اور مبینہ طور پر قتل میں استعمال ہونے والی لوہے کی سلاخ جائے وقوع سے برآمد کرلی گئی ہے۔
قبل ازیں گزشتہ روزڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ویسٹ کراچی عرفان بلوچ نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ گرفتار ملزم نے اعتراف جرم کرلیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا تھا کہ ملزم نے آلہ قتل نالے میں پھینکا تھا جسے برآمد کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
عرفان بلوچ نے میڈیا کو بتایا کہ ملزم بچوں کا رشتے میں پھوپھا ہے، ۔وہ بچوں کے و الد کی عدم موجودگی میں ان کے گھر آیا تھا اور مزاحمت پر پہلے ماں پھر بچوں کو قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے واردات کو ڈکیتی کا رنگ دینے کی بھی کوشش کی تھی۔



