پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں مختلف کارروائیوں کے دوران 10 خوارج کو ہلاک کردیا جبکہ سکیورٹی فورسز کے قافلے پر آئی ای ڈی دھماکے کے نتیجے میں 6 جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 15 سے 17 ستمبر 2026 کے دوران خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان مختلف جھڑپیں ہوئیں۔
خیبرپختونخوا: سکیورٹی فورسز کا آپریشن، ‘فتنہ الخوارج’ کے 10 خوارج ہلاک — آئی ایس پی آر #BreakingNews #KPK #ISPR #SecurityForces pic.twitter.com/nUeP4b2WIx
— PTV News (@PTVNewsOfficial) September 17, 2026
کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 10 خوارج ہلاک ہوئے جبکہ 6 جوانوں نے مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
شمالی وزیرستان میں 6 خوارج ہلاک
سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 6 خوارج کو ہلاک کردیا۔
ہنگو میں 4 خوارج ہلاک
آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج کے خلاف ایک اور کارروائی ضلع ہنگو میں کی گئی۔ہنگو میں ہونے والی جھڑپ کے دوران سکیورٹی فورسز نے مزید 4 خوارج کو ہلاک کردیا۔
یوں 15 سے 17 ستمبر کے دوران خیبر پختونخوا میں مختلف کارروائیوں اور جھڑپوں میں ہلاک ہونے والے خوارج کی مجموعی تعداد 10 ہوگئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارج علاقے میں متعدد دہشت گرد سرگرمیوں میں فعال طور پر ملوث رہے تھے۔
سکیورٹی فورسز کے قافلے پر آئی ای ڈی دھماکا
آئی ایس پی آر کے مطابق 17 ستمبر کو سکیورٹی فورسز کے قافلے کو دیسی ساختہ بارودی مواد یعنی آئی ای ڈی کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
دھماکے کے نتیجے میں سکیورٹی فورسز کے 6 جوان شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ان جوانوں نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد علاقے میں کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں تاکہ وہاں موجود کسی بھی دوسرے خوارج کا سراغ لگایا جاسکے۔
آپریشنز جاری رکھنے کا عزم
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ملک میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق یہ کارروائیاں ’’عزمِ استحکام‘‘ کے وژن کے تحت کی جارہی ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔
صدرمملکت کا سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
صدر آصف زرداری نے خیبر پختونخوا میں کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا خیبر پختونخوا میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
صدرِ مملکت نے شمالی وزیرستان اور ہنگو میں کارروائیوں کے دوران خوارج کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو…
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) September 18, 2026
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں قوم کے عزم اور حوصلے کو مزید مضبوط کرتی ہیں،بہادر سپوت وطن کے دفاع اور امن کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔
شہداء کی عظیم قربانیاں قوم کیلئے مشعلِ راہ ہیں، وزیر اعظم
وزیراعظم شہبازشریف نے ہنگو اور شمالی وزیرستان میں 10 خارجیوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے شہید ہونے والے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم نے شہید 6 جوانوں کے اہلخانہ سے ہمدردی اور اظہارتعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں،شہداء کی عظیم قربانیاں قوم کیلئے مشعلِ راہ ہیں اور ان کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا،دہشتگردی کےخاتمے تک کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔
بلوچستان میں بھی دہشتگردوں کیخلاف بھرپورکارروائیاں
سکیورٹی فورسزکی آپریشن ردالفتنہ3 کے تحت بلوچستان میں دہشتگردوں کیخلاف بھر پورکارروائیاں جاری ہیں ،سرکاری ٹی وی کے مطاق بلوچستان میں 2 مختلف کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان کے7دہشت گرد مارے گئے ۔
بلوچستان: آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت 2 کارروائیوں میں فتنہ الہندوستان کے 7 دہشتگرد جہنم واصل — سیکیورٹی ذرائع#BreakingNews #Balochistan #SecurityForces pic.twitter.com/kYTtguNMx0
— PTV News (@PTVNewsOfficial) September 17, 2026
پنجگورکے علاقے فتح علی میں فتنہ الہندوستان کے 5دہشت گرد ہلاک کردیئے گیے، کارروائی کے دوران دہشت گردوں سے بھاری اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا۔
اسی طرح ضلع کچھی کے علاقےدھاڈرمیں کارروائی کے دوران 2 دہشتگرد ہلاک ہوئے، کچھی میں کی گئی مؤثر کارروائی میں متعدد دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔




