کوئٹہ: بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی کارروئیاں کے دوران فتنہ الہندوستان کے 6 دہشتگرد مارے گئے۔
ترجمان بلوچستان پولیس کے مطابق پشین اور قلعہ عبداللہ میں بلوچستان پولیس، کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشتگردوں کے خلاف مشترکہ آپریشنز کیے، جن میں فتنہ الہندوستان کے 6 دہشتگرد ہلاک اور 5 کو گرفتار کیا گیا۔
بلوچستان کے ضلع پشین کے علاقوں کلی سلطان، اژرم، دینار اور گیلو میں مشترکہ کارروائیاں کی گئیں۔ جبکہ گرفتار دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد ہوا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار دہشتگردوں سے اہم اور حساس معلومات کے حصول کے لیے تفتیش جاری ہے۔ مشترکہ آپریشن کی قیادت ڈی آئی جی ژوب، سی ٹی ڈی کمانڈر اور ایس ایس پی پشین نے کی۔
بلوچستان پولیس کے ترجمان نے کہا کہ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک سکیورٹی فورسز کارروائیاں جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔
اس سے قبل بلوچستان کے ضلع مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کامیاب کارروائی میں کمانڈر نقیب سمیت 3 دہشتگرد مارے گئے تھے۔ فورسز نے کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کی گاڑی کو کواڈ کاپٹر کے ذریعے نشانہ بنایا تھا۔


