نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے قومی کرکٹر محمد رضوان سے کیا کیا تفصیلات مانگیں؟ ہم نیوز نے سوال نامہ حاصل کر لیا۔
این سی سی آئی اے میں مبینہ جوئے کی انکوائری کے حوالے سے محمد رضوان کو پانچ صفحات پر مشتمل سوال نامہ دیا گیا۔
محمد رضوان سے ان کی ولدیت، تاریخ پیدائش، جائے پیدائش، اہلیہ کا نام اور بچوں کی تفصیلات اور گزشتہ دس سال سے ان کے کے زیر استعمال فیس بک، ٹویٹر، انسٹا گرام اور دیگر سوشل میڈیا اکاونٹس کی تفصیلات مانگی گئی ہیں۔
سوال نامے کے مطابق کرکٹر سے گزشتہ پانچ سال کے دوران تنخواہ کے ذرائع، کرائے کی مد میں آمدن، کاروباری ، زرعی آمدن اور بینک میں موجود رقم پر منافع کی تفصیل بھی طلب کی گئی۔
اس کے علاوہ پانچ سال میں کئے گئے گھریلو اخراجات، بچوں کے تعلیمی اخراجات اور وراثتی جائیداد کی تفصیلات بھی مانگی گئی ہیں، وراثتی جائیداد کس سے منتقل ہوئی؟ محمد رضوان کو اس کا ثبوت بھی فراہم کرنے کا کہا گیا ہے۔
کرکٹر سے پانچ سال کے دوران جائیداد کی خرید و فروخت، بین الاقوامی دوروں ، اخراجات، اور قیام کی مدت اور اندرون ملک میں سفر کرنے سے متعلق تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔
این سی سی آئی اے نے کرکٹر سے گزشتہ پانچ سال کے تمام بینک اکاونٹس، کریڈٹ کارڈز کی تفصیلات مانگی ہیں ، اس کے علاوہ کرکٹر نے اگر کسی سے کوئی قرض لیا تو اسکی تفصیل بھی فراہم کرنے کا کہا گیا ہے۔
محمد رضوان کی این سی سی آئی اے نوٹس کیخلاف درخواست مسترد
واضح رہے کہ لاہو ہائی کورٹ نے آج محمد رضوان کی این سی سی آئی اے نوٹس کے خلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی ہے۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عالیہ نیلم نے درخواست پر سماعت کی، محمد رضوان عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ ان کے وکیل عمیر قاضی عدالت میں موجود تھے۔ جسٹس عالیہ نیلم نے محمد رضوان کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو حقائق چھپانے پر بھاری جرمانہ ہونا چاہیے، آپ نے طلبی نوٹس کو چیلنج کیا، آپ شوکاز نوٹس کا جواب دیں۔
بلاجواز طلبی کے نوٹس جاری کیے گئے، محمد رضوان
محمد رضوان نے اپنی طلبی کے خلاف دائر درخواست میں نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی کے دائرہ اختیار اور تحقیقات کی نوعیت پر سوالات اٹھاتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ این سی سی آئی اے نے بلاجواز طلبی کے نوٹس جاری کیے۔
محمد رضوان کے مطابق پیشی کے دوران بار بار غیر قانونی سرگرمیوں پر عائد الزامات کی تفصیلات سے متعلق پوچھا گیا لیکن پیشی پر میرے کسی سوال کا جواب نہیں دیا گیا۔
محمد رضوان نے درخواست میں موقف اپنایا کہ این سی سی آئی اے کسی نامعلوم الزام کی تحقیقات کیوں کر رہا ہے؟ عدالت سے درخواست ہے کہ حتمی فیصلے تک این سی سی آئی اے کی کارروائی روکنے کا حکم دیا جائے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انگلینڈ کے دورے میں محمد رضوان اور امام الحق کے ڈسپلن اور رویے سے متعلق میڈیا رپورٹس کے بعد انکوائری شروع کرکے ان کے موبائل فون این سی سی آئی اے کے حوالے کیے تھے۔



