اسلام آباد: لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات میں دو طرفہ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار سے لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار نے وزارت خارجہ میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور لبنان کے دوطرفہ تعلقات، سکیورٹی و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون اور عوامی روابط کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان لبنان کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کی بھرپور حمایت کرتا ہے، دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ سزا یافتہ افراد کی منتقلی کے معاہدے پر دستخط پاکستان اور لبنان کے درمیان دوطرفہ قانونی تعاون میں ایک اہم سنگ میل ہیں۔
انہوں نے دونوں ممالک کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور عوامی روابط کے فروغ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
لبنانی وزیر داخلہ کی پاکستان کے کردار کی تعریف
لبنانی وزیر داخلہ احمد الحجار نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کیلئے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔احمد الحجار نے پاکستان کو مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کرنے پر مبارکباد بھی پیش کی۔
Deputy Prime Minister/Foreign Minister Senator Mohammad Ishaq Dar @MIshaqDar50 received the Interior Minister of Lebanon, H.E. Ahmad Al-Hajjar, at the Ministry of Foreign Affairs today. DPM/FM was joined by Federal Interior Minister Mohsin Naqvi, Minister of State Talal Chaudhry,… pic.twitter.com/nZPiuVldkk
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) September 15, 2026
دونوں جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور لبنان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دیں گے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے مل کر کام جاری رکھیں گے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی سے بھی لبنانی وزیر داخلہ کی ملاقات، سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق
لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار وزارت داخلہ پہنچ گئے، جہاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے لبنانی ہم منصب کا استقبال کیا۔
وزارت داخلہ میں دونوں وزرائے داخلہ کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سکیورٹی تعاون سے متعلق مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام، منی لانڈرنگ اور سائبر کرائمز کے تدارک کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔
دونوں جانب سے وزارت داخلہ کے درمیان تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جلد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ملاقات میں دوطرفہ کوآرڈی نیشن بہتر بنانے کے لیے دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کی سطح پر فوکل پرسنز مقرر کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
محسن نقوی اور احمد الحجار نے سکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان رابطے مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کو عملی شکل دینے کے عزم کا اظہار کیا۔



