واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ جو ملک مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے میدان میں جیتے گا، وہی فتح حاصل کرے گا، امریکا اے آئی میں چین اور دیگر ممالک سے آگے ہے اور آگے ہی رہے گا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اے آئی سے متعلق اپنے بیان میں کہا کہ اے آئی اور ڈیٹا سینٹرز کے خلاف سازش جاری ہے، جس سے صرف چین خوش ہے جبکہ اے آئی کو کنٹرول کرنے کے لیے ایک مضبوط اور ذہین امریکی صدر کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے اے آئی کمپنیوں کو برے کاموں سے روکا ہے اور مستقبل میں بھی روکتی رہے گی، جبکہ امریکی حکومت کے پاس اے آئی کمپنیوں پر زبردست ریگولیٹری اختیارات موجود ہیں۔
ٹرمپ نے اینتھروپک کے سربراہ داریو امودی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ معصوم بننے کا ڈرامہ کر رہے ہیں۔
روس یوکرین جنگ پر گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ یوکرین نے روس کے توانائی مراکز کو نشانہ نہ بنانے پر رضامندی ظاہر کی ہے اور اب روس بھی یوکرین کے توانائی مراکز پر حملہ نہ کرنے پر رضامند ہو گیا ہے۔ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ روس یوکرین جنگ کے باعث ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ایران جلد اور شدت سے معاہدہ کرنا چاہتا ہے تاہم اب میں فیصلہ کروں گا کہ امریکا بات چیت میں شامل ہونے کا انتخاب کرے گا یا نہیں۔
امریکی صدر کا نائن الیون سے متعلق مزید دستاویزات جاری کرنے کا عندیہ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا آئرلینڈ سے وطن روانگی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نائن الیون حملوں سے متعلق مزید ریکارڈ جاری کرنے کے معاملے کا جائزہ لیں گے، کیونکہ نائن الیون حملوں میں ہلاک افراد کے لواحقین نے مزید ریکارڈ جاری کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی ہتھیاروں کے ذخائر تیزی سے دوبارہ بھر رہے ہیں، اور پیٹریاٹ میزائل پہلے سے زیادہ تعداد میں تیار ہو رہے ہیں، جبکہ امریکا کے پاس ہتھیاروں کا بڑا ذخیرہ موجود ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مڈٹرم انتخابات میں ریپبلک پارٹی ہی کامیابی حاصل کرے گی، اور جے ڈی وینس کے 2028 صدارتی انتخاب میں حصہ لینے متعلق کچھ کہنا قبل ازوقت ہے، میرے خیال میں جے ڈی وینس بہترین ہیں اور ہمارے پاس بہت سے بہترین لوگ موجود ہیں، جبکہ ڈیموکریٹس اور بائیڈن نے عوام کے ساتھ بہت برا سلوک کیا۔


