اسلام آباد پولیس میں اہم انتظامی تبدیلیاں کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کو تبدیل کردیا گیا، جبکہ پولیس سروس آف پاکستان کے گریڈ 20 کے افسر محمد سہیل چودھری کو نیا آئی جی اسلام آباد تعینات کردیا گیا ہے۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کیپٹن (ر) محمد سہیل چودھری کو آئی جی اسلام آباد کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ ان کی تعیناتی کے بعد اسلام آباد پولیس کی کمان تبدیل ہوگئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کو ڈائریکٹر جنرل نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) تعینات کردیا گیا ہے۔ انہیں نئی ذمہ داری سنبھالنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق انتظامی سطح پر ہونے والی ان تبدیلیوں کے تحت نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے ڈی جی سید خرم علی کو بھی عہدے سے تبدیل کردیا گیا ہے، انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب سید خرم علی کو ڈائریکٹر جنرل نیشنل پولیس بیورو تعینات کردیا گیا ہے۔ اس حوالے سے بھی متعلقہ احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔
حکومت کی جانب سے پولیس کے اہم عہدوں پر افسران کی تعیناتیوں اور تبادلوں کے بعد اسلام آباد پولیس، این سی سی آئی اے اور نیشنل پولیس بیورو کی قیادت میں نمایاں تبدیلیاں سامنے آئی ہیں۔
نئے آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چودھری کے لیے دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال، پولیسنگ میں بہتری اور شہریوں کو مؤثر سکیورٹی فراہم کرنا اہم چیلنجز ہوں گے۔



