لاہور: مسلم لیگ ن کے مقامی رہنما شیخ شبیر احمد کو نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق مریدکے میں مسلم لیگ ن کے سابق میونسپل چیئرمین اور مقامی رہنما شیخ شبیر احمد کو جی ٹی روڈ کے قریب نشانہ بنایا گیا۔ وہ اپنی فلور مل سے گاڑی پر سوار ہو کر لاہور میں اپنے گھر کی جانب جا رہے تھے کہ راستے میں پہلے سے گھات لگائے بیٹھے مسلح افراد نے حملہ کر دیا۔
ملزمان کی شدید فائرنگ کے نتیجے میں مقتول شیخ شبیر احمد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
واقع کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال مریدکے منتقل کر دیا۔
حکام کے مطابق جائے وقوع سے شواہد اکھٹے کیے جا رہے ہیں جبکہ ملزمان کی تلاش کے لیے قریبی علاقوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سے بھی مدد لی جا رہی ہے۔
ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق واقعہ بظاہر دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم اصل حقائق تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آ سکیں گے۔
اس سے قبل گزشتہ شب مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی محمود بشیر ورک 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، اہلخانہ کے مطابق محمود بشیر ورک کچھ عرصے سے کینسر کی بیماری میں مبتلا تھے اور لاہور کے ایک اسپتال میں زیرعلاج تھے۔
بشیر ورک کی نماز جنازہ آج صبح ادا کی گئی جس کے بعد انہیں آبائی قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔



