وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے ریاست میں انٹرنیٹ سروس کی بحالی کے حوالے سے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں مرحلہ وار انٹرنیٹ سروس دو دن کے اندر مکمل طور پر کھول دی جائے گی۔
اپنے بیان میں وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ انٹرنیٹ کی بحالی کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں دو دن کے اندر مزید پیش رفت ہوگی۔
دوسرے مرحلے میں مظفرآباد میں ڈی ایس ایل سروس بحال کی جائے گی، جبکہ ضلع بھمبر اور ضلع میرپور میں بھی انٹرنیٹ مکمل طور پر بحال کیا جائے گا۔
افتخار گیلانی نے کہا کہ پہلے مرحلے کے بعد دوسرے مرحلے میں آزاد کشمیر کے اکثریتی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بحال کی جائے گی، جبکہ باقی علاقوں کو بھی مرحلہ وار بحالی کے عمل میں شامل کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت انٹرنیٹ سروس کی بحالی کے معاملے پر مرحلہ وار پیش رفت کررہی ہے تاکہ مختلف علاقوں میں صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سروس بحال کی جا سکے۔
وزیراعظم آزاد کشمیرنے اپنے سابق بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پچھلے بیان کو درست پیرائے میں پیش نہیں کیا گیا، جس کے باعث عوام کی توقعات مختلف ہوگئیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ انٹرنیٹ کی بحالی کے حوالے سے انہوں نے جزوی طور پر بات کی تھی، جس میں تعلیمی اداروں کا ذکر بھی شامل تھا۔
افتخار گیلانی نے کہا کہ انہوں نے کبھی یہ نہیں کہا تھا کہ پورے آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ مکمل طور پر بحال کیا جا رہا ہے۔
ان کے مطابق انٹرنیٹ کی بحالی ایک مرحلہ وار عمل ہے اورمختلف علاقوں میں سروس اسی طریقہ کار کے تحت بحال کی جا رہی ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے 100 روزہ اصلاحاتی پلان کے حوالے سے کہا کہ اس کے تحت کیے جانے والے اقدامات میں عوام اورتمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرزکی مشاورت شامل ہوگی، حکومت اصلاحاتی اقدامات کو مشاورت کیساتھ آگے بڑھانے کیلئے پرعزم ہے۔
صحت کے شعبے کا ذکرکرتے ہوئے افتخار گیلانی نے کہا کہ وزیرصحت ڈاکٹرمصطفیٰ بشیرعباسی بھی کافی متحرک ہیں اور شعبہ صحت میں بہتری کے لئے کام کررہے ہیں۔
انہوں نے آزاد کشمیر کے عوام سے صبراورتعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو تھوڑا وقت دیا جائے، انشاء اللہ آزاد کشمیر کے عوام کی توقعات سے بڑھ کرکام کریں گے۔



