کراچی میں مزارقائد پرتبدیلی گارڈز کی پروقار تقریب ہوئی،پاک فضائیہ کے کیڈٹس نے شاندار پریڈ کرتے ہوئے بابائےقوم قائداعظم محمدعلی جناح کوخراج عقیدت پیش کیا۔
ایئرآفیسرکمانڈنگ پاکستان ایئرفورس اکیڈمی اصغرخان ائیروائس مارشل حسن فیصل تقریب کے مہمان خصوصی تھے ،پاکستان ایئر فورس اکیڈمی اصغر خان کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔
شاندار پریڈ میں 72 کیڈٹس پر مشتمل چاق و چوبند دستے نے حصہ لیا جس میں 64 مرد اور 8 خواتین کیڈٹس شامل تھے۔
ائیرآفیسر کمانڈنگ ائیروائس مارشل حسن فیصل نے مزار قائد پر حاضری دی اورپریڈ کا معائنہ کیا، انہوں نے مزار قائد پر پھول رکھے اورفاتحہ خوانی کی،مہمان خصوصی نےمہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبند کئے،
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ائیروائس مارشل حسن فیصل کا کہنا تھا کہ 6ستمبر ہمیں ایک تاریخ ساز دن کی یاد دلاتا ہے ،بانی پاکستان نےاتحاد،ایمان اوربےلوث قربانی کا درس دیا،1965اور1971کی جنگیں ہوں یا معرکہ حق، پاک فضائیہ نےفرض نبھایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ افواج پاکستان نے دشمن کے عزائم ناکام بنائے ،پاک فضائیہ قوم کی امیدوں پر ہمیشہ پوری اتری،ہرمشکل کی گھڑی میں پاک فضائیہ نےاپنی خدمات کو پیش کیا،فضائی حدود کا دفاع پاک فضائیہ کے مضبوط ہاتھوں میں ہے۔
ایئر وائس مارشل حسن فیصل کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نےگزشتہ سال بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا،معرکہ حق میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں فتح سے نوازا،پاک فضائیہ نے ملکی سلامتی کوہمیشہ اپنا عزم بنایا،پاکستان اپنے وقار اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرےگا۔


