تہران: ایران نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور کویت میں امریکی اڈوں پر نئے حملوں کا دعویٰ کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ آپریشن تھنڈر کے 31ویں مرحلے کے دوران یو اے ای اور کویت میں امریکی فوجی اڈوں پر نئے حملے کیے گئے ہیں۔
ایرانی فوج نے حملوں کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ حملوں میں میزائل اور ڈرونز استعمال کیے گئے۔ کویت کے احمد الجابر ایئر بیس پر سیٹلائٹ مواصلاتی نظام، لڑاکا طیاروں کے ہینگرز اور سازوسامان کے گوداموں کو نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی فوج نے حملوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی یا مالی نقصان کی تفصیلات جاری نہیں کیں۔
دوسری جانب ایران نے آبنائے ہرمز کے جنوب میں مزید بحری بارودی سرنگیں بچھانے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔
ایرانی مسلح افواج کی آپریشنل کوآرڈینیشن کے ذمہ دار خاتم الانبیا مرکزی ہیڈکوارٹر کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان میں کہنا تھا کہ رات کی کارروائی کے دوران آبنائے ہرمز کے جنوب میں غیر قانونی بحری راستوں پر مزید بحری بارودی سرنگیں بچھائی دی گئی ہیں۔
ابراہیم ذوالفقاری نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے آبنائے ہرمز کا نام تبدیل کرکے اسے ’’آبنائے ٹرمپ‘‘ رکھنے کی تجویز کا بھی تمسخر اڑاتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کے جواب میں امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) صرف فوٹوشاپ کے ذریعے آبنائے کا نام تبدیل کر سکتی ہے۔
طنزیہ انداز میں ایرانی ترجمان کا کہنا تھا کہا کہ مسئلہ حل ہو گیا، اب امریکا فوٹوشاپ کے ذریعے ہی تیل بردار جہازوں کو بھی اس گزرگاہ سے گزار سکتا ہے۔



