بلوچستان سے تعلق رکھنے والی معروف مقامی لوک گلوکارہ مائی صوبھائی کو ڈیرہ بگٹی میں مبینہ طور پر مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مائی صوبھائی کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں۔
واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق تاحال قتل کے محرکات کے بارے میں حتمی طور پرکچھ کہنا قبل ازوقت ہے اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مائی صوبھائی کواپنی گلوکاری اورفنّی سرگرمیوں کے باعث بعض حلقوں کی مخالفت کا سامنا تھا تاہم ان کے قتل کواسی وجہ سے منسوب کرنے کی باضابطہ تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی۔
پولیس نے بھی ملزمان کی شناخت، گرفتاری یا قتل کی حتمی وجہ کے حوالے سے کوئی حتمی رپورٹ جاری نہیں کی۔

