کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک دہشت گرد دہشتگردی کی غرض سے علاقے میں گشت کررہے تھے، کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا جبکہ دہشت گردوں کے زیرِ استعمال موٹر سائیکلیں بھی پولیس نے قبضے میں لے لی ہیں۔
کارروائی کے دوران کچھ دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جن کی گرفتاری کیلئے بڈھ بیر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر فرار دہشت گردوں کی تلاش شروع کردی ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق جائے وقوعہ پر بم ڈسپوزل یونٹ (بی ڈی یو) اور کرائم سین یونٹ کو بھی طلب کرلیا گیا ہے تاکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے اور مزید تفتیش کا عمل مکمل کیا جاسکے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے اور مشتبہ افراد کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔
آئی جی خیبرپختونخوا نے سی ٹی ڈی کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو صوبے کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
