اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں، ارکان پارلیمنٹ اور کارکنوں کی ملک بھر میں گرفتاریوں پر پی ٹی آئی رہنما اور سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں علی ظفر نے کہا کہ لاہور سے شایان بشیر اور اسلام آباد سے رکن قومی اسمبلی میاں غوث سمیت پی ٹی آئی کے پارلیمنٹیرینز، کارکنوں اور رہنماؤں کی گرفتاریاں انتہائی قابل مذمت ہیں۔
علی ظفر نے دعویٰ کیا کہ یہ گرفتاریاں 27 ستمبر کے پُرامن احتجاج کے خوف کے باعث کی جا رہی ہیں، جس سے سیاسی کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنے حقوق کے لیے پُرامن احتجاج اور اپنے قائد کی حمایت میں آواز بلند کرنا سیاسی جماعت اور اس کے کارکنوں کا آئینی و قانونی حق ہے۔
لاہور سے شایان بشیر اور اسلام آباد سے رکن قومی اسمبلی میاں غوث سمیت پورے ملک میں تحریک انصاف کے پارلیمنٹرینز، کارکنان اور رہنماؤں کی گرفتاریاں قابلِ مذمت ہیں۔ 27 ستمبر کے پُرامن احتجاج سے خوفزدہ ہو کر اس قسم کی گرفتاریاں سیاسی کشیدگی کو مزید بڑھائیں گی۔ اپنے حق کے لیے اور اپنے…
— Barrister Syed Ali Zafar (@SyedAliZafar1) September 20, 2026
انہوں نے کہا کہ پُرامن احتجاج کو روکنے کے لیے ریاستی طاقت کا استعمال ملک کے لیے نقصان دہ ہے، عوام کی آواز دبانے کی کوششوں کے بجائے سیاسی معاملات کو آئینی اور جمہوری طریقے سے حل کیا جانا چاہیے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب احتجاج اور مارچ کا اعلان کر رکھا ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے دارالحکومت میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔



