وزیراعظم شہباز شریف کرغزستان کے صدر صادر نگوژوئچ جپاروف کی دعوت پر شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کے اجلاس میں شرکت کے لیے آج بشکیک کے 3 روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے۔
دفتر خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم ایس سی او کے مرکزی اجلاس کے ساتھ ساتھ ایس سی او پلس سمٹ میں بھی شرکت کریں گے۔ وزیراعظم عالمی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
دورے کی خاص بات یہ ہے کہ پاکستان سال 2026-2027 کے لیے ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کی صدارت کا قلمدان باقاعدہ طور پر سنبھالے گا، جبکہ اگلے برس کا سربراہی اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہو گا۔
وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد بھی بشکیک جائے گا، جس میں وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر مواصلات عبدالعلیم خان، اور وزیر اطلاعات عطاء تارڑ کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام شامل ہوں گے۔
🔊PR No.2️⃣3️⃣0️⃣/2️⃣0️⃣2️⃣6️⃣
Curtain Raiser: Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif’s Official Visit to the Kyrgyz Republic (31 August-2 September, 2026)
🔗⬇️ pic.twitter.com/d81CV1kGdI
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) August 31, 2026
وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورے کے آغاز میں ورلڈ نوميڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔ 2 ستمبر کو کرغز صدر سے ملاقات کریں گے جس میں پاک کرغزستان تعلقات کی تمام جہتوں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور کرغزستان کے مابین مشترکہ تاریخ، عقیدے اور ثقافتی ہم آہنگی پر مبنی دیرینہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ وزیراعظم کا دورہ حالیہ اعلیٰ سطحی رابطوں کو مزید تقویت دینے اور دونوں ممالک کی سیاسی خیر سگالی کو ٹھوس اور عملی معاشی تعاون میں بدلنے کا اہم موقع ثابت ہو گا۔
واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے 25 سال مکمل ہونے پررکن ممالک پاکستان، چین، روس، بھارت، ایران، کرغزستان، بیلاروس، قازقستان، تاجکستان اور ازبکستان کے عالمی رہنما بشکیک میں جمع ہو رہے ہیں، جبکہ افغانستان اور منگولیا بطور آبزرور اس تنظیم کا حصہ ہیں۔



