وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پمز آتشزدگی کے واقعے میں اپنی جان کی پروا کیے بغیر ایک بچے کی جان بچانے والی نرس رضیہ نورین کیلئے ستارۂ خدمت اور ایک کروڑ روپے نقد انعام کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم نے نرس رضیہ نورین کی جانب سے کمال ذمہ داری، فرض شناسی اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے آتشزدگی کے دوران ایک بچے کو بحفاظت باہر نکالنے کے عمل کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ نرس رضیہ نورین نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر انسانی ہمدردی، پیشہ ورانہ ذمہ داری اور بہادری کی بہترین مثال قائم کی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پمز میں آتشزدگی کے دوران نرس رضیہ نورین نے تباہی کے خطرے کے باوجود چند لمحوں کی مہلت میں بچے کو بچانے کیلئے جو قدم اٹھایا، وہ غیر معمولی جرات کا مظہر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایسے فرض شناس اور بہادر افراد قوم کا فخر ہیں اور ان کی خدمات کو کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اپنی جان خطرے میں ڈال کر بچے کی جان بچانے پر مجھ سمیت پوری قوم کو نرس رضیہ نورین پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے لوگوں کی جس قدر ستائش کی جائے کم ہے، جو مشکل اور خطرناک حالات میں بھی اپنے فرائض کو مقدم رکھتے ہیں۔
وزیراعظم نے نرس رضیہ نورین کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت ایسے باہمت اور فرض شناس افراد کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی تاکہ معاشرے میں انسانی خدمت، احساس ذمہ داری اور قربانی کے جذبے کو فروغ دیا جاسکے۔



