راولپنڈی: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکمران عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوچکے ہیں، ملک میں ظلم اور مافیا پر مبنی نظام کو تبدیل کرنا ہو گا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے لیاقت باغ راولپنڈی میں حکومت کے خلاف جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کارکنوں نے جلسے کی راہ میں انتظامیہ کے تمام ہتھکنڈوں کو ناکام بنا دیا۔ گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ اگر جلسہ نہیں کرنے دیا گیا تو راولپنڈی اور اسلام آباد کی سڑکیں بھر جائیں گی، آج تاریخی مقام پر جلسہ کرنے پر کارکنوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اسی مقام پر شہید ملت لیاقت علی خان کو شہید کیا گیا، دہائیاں گزر گئیں لیکن قوم کے محسنوں کے قاتل گرفتار نہیں ہوسکے۔ آصف علی زرداری اسی مقام پر شہید ہونے والی بے نظیر بھٹو کے قاتلوں کو بھی گرفتار نہیں کراسکے۔
حکومت پر تنقید کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جب قوم حکمرانوں کو مسترد کردیتی ہے تو انہیں فارم 47 کے ذریعے اقتدار میں بٹھا دیا جاتا ہے۔ موجودہ حکمران نہ قوم کو صحت کی سہولیات دے سکتے ہیں اور نہ ہی دیگر بنیادی سہولتیں، یہ مافیا عوام کو ریلیف نہیں بلکہ صرف عذاب دے سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکمران عوام کو بجلی، پٹرول بم اور مہنگائی کا تحفہ دے رہے ہیں، جبکہ شہباز شریف کو صرف مہنگائی بڑھانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ ظلم کے اس نظام کو بدلنا اور حکمرانوں کو ہٹانا ہو گا۔ جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی نے زینب کیس کے حوالے سے ظالموں کو سرعام پھانسی دینے کا بل پیش کیا، لیکن حکمرانوں نے امریکا کو راضی کرنے کے لیے اس بل سے جان چھڑا لی۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کے دھرنے کے آغاز پر کہا جاتا تھا کہ کارکن جلد چلے جائیں گے، لیکن آج لیاقت باغ عوام سے بھر چکا ہے اور ملک کے مختلف شہروں میں دھرنے جاری ہیں۔ لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ اور چترال سمیت مختلف علاقوں میں عوام دھرنوں سے جڑے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک پرامن جماعت ہے اور پرامن جدوجہد پر یقین رکھتی ہے، ہمارا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں اور نہ ہی ہم شخصیت یا خاندان پرستی کی سیاست کرتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ عوام کے مسائل حل کیے جائیں، بصورت دیگر لانگ مارچ کی کال پر حکمران حالات سنبھال نہیں سکیں گے۔ لانگ مارچ کی کال دی گئی تو چاروں اطراف سے عوام چیونٹیوں کی طرح اسلام آباد پہنچیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کا تختہ الٹنے کی کال دی گئی تو حکمرانوں کو ایئرلفٹ بھی نہیں ملے گی۔ عوام کو فوری ریلیف دیا جائے، لیوی ختم کی جائے اور روٹی و بجلی سستی کی جائے۔




