دفاعی چیمپئن جرمنی نے اسپین کو فائنل میں ایک صفر سے شکست دے کر مینز ہاکی ورلڈ کپ کا ٹائٹل ایک بار پھر اپنے نام کرلیا۔
بیلفیئس ہاکی ایرینا، ویور میں کھیلے گئے فائنل کا واحد گول جرمنی کے مائیکل اسٹروتھوف نے 44ویں منٹ میں اسکور کیا، جو فیصلہ کن ثابت ہوا۔
اس کامیابی کے ساتھ جرمنی نے ہاکی ورلڈ کپ میں اپنا چوتھا ٹائٹل جیت کر پاکستان کے سب سے زیادہ چار عالمی ٹائٹلز کے ریکارڈ کو بھی برابر کردیا۔
فائنل میں اسپین نے زیادہ تر وقت گیند پر برتری قائم رکھی اور جرمنی کے مقابلے میں زیادہ مواقع بھی بنائے تاہم جرمن دفاع نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسپین کو گول کرنے سے روکے رکھا۔
1998 کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈ کپ فائنل کھیلنے والی اسپینش ٹیم نے آخری کوارٹر میں گول برابر کرنے کے لیے بھرپور کوشش کی، اسپین نے میچ ختم ہونے سے تقریباً چار منٹ قبل گول کیپر کو بھی واپس بلا لیا تاکہ اضافی اٹیکر کے ذریعے برابری کا گول کیا جاسکے لیکن جرمنی نے دفاعی حصار قائم رکھتے ہوئے برتری برقرار رکھی۔
ارجنٹینا نے کانسی کا تمغہ جیت لیا
اس سے قبل اتوار کو تیسری پوزیشن کے میچ میں ارجنٹینا نے نیدرلینڈز کو 2-1 سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
THE WALL THAT WON GERMANY THE WORLD CUP! 🇩🇪🧤🏆
When Spain came knocking, Germany’s goalkeeper stood tall. Save after save, he kept the final locked down—not a single goal conceded.
Germany had the attack. But this was the difference. 🔥#FIHWorldCup #Germany #Hockey pic.twitter.com/jsyT9ilTJU
— Anil Bansal (@dilseanilbansal) August 30, 2026
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سے ایک روز قبل ارجنٹینا کی خواتین ٹیم نے بھی نیدرلینڈز کو شکست دے کر عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ ایمسٹیلوین میں کھیلے گئے خواتین کے فائنل میں ارجنٹینا نے مقررہ وقت میں مقابلہ 1-1 سے برابر رہنے کے بعد شوٹ آؤٹ میں نیدرلینڈز کو 3-1 سے شکست دی۔
یوں ارجنٹینا نے ایک ہی عالمی کپ ایونٹ میں خواتین کا طلائی اور مردوں کا کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا جبکہ جرمنی نے مردوں کے ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کیا۔

