پاکستان کے فاسٹ بولر محمد حسنین نے قومی ٹیم میں واپسی کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ رفتار، فٹنس اور ڈومیسٹک کرکٹ میں مستقل کارکردگی پر توجہ دے رہے ہیں۔
لاہور میں 26 سالہ فاسٹ بولر محمد حسنین نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹریننگ بہت اچھی چل رہی ہے اور بولنگ میں بھی بہتری آ رہی ہے۔
محمد حسنین نے کہا کہ این سی اے میں کوچز بھرپور مدد کر رہے ہیں اور اپنا تجربہ بھی شیئر کرتے ہیں، پیس قدرتی ہے اور وہ شروع سے ہی تیز بولنگ کرتے آئے ہیں۔
فاسٹ بولر کے مطابق کیمپ میں رفتار کے ساتھ اپنی اسکلز بہتر بنانا ہدف ہے، جبکہ اس وقت وہ 140 سے 145 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کر رہے ہیں، میچ اور نیٹس میں گیند بازی مختلف ہوتی ہے تاہم وہ پاکستان ٹیم میں جلد از جلد کم بیک کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
محمد حسنین نے بتایا کہ انہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں لمبے اسپیلز کیے ہیں اور گزشتہ سال ریڈ بال کرکٹ بھی کھیلی، ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے فٹنس برقرار رکھتے ہوئے زیادہ سے زیادہ کرکٹ کھیلیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے لیے تینوں فارمیٹ کھیلنا چاہتے ہیں، سابق پاکستانی فاسٹ بولرز وسیم، وقار اور شعیب کی بولنگ دیکھتا رہتا ہوں، تینوں بولرز اگریشن اور پیس کے ساتھ بولنگ کرتے تھے اور میری بھی کوشش ہے کہ ان کی طرح بولنگ کروں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسپیڈ برقرار رکھنے کے لیے بہترین فٹنس ضروری ہے، انجریز یا ضرورت سے زیادہ ورک لوڈ کی وجہ سے رفتار متاثر ہوسکتی ہے، اس لیے وہ فٹ اور مضبوط رہنے پر توجہ دے رہے ہیں۔
Pakistan fast bowler @MHasnainPak discusses his bowling idols, HBL PSL heroics, remodelling his action and the importance of the NCA Bowlers Development Camp in the latest episode of #PCBPodcast 🎙️
Full Episode ➡️ https://t.co/7JvPgCL3Oa#PakistanCricket pic.twitter.com/FXat6HNS0d
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) August 30, 2026
محمد حسنین نے 2019 میں پاکستان کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز کیا اور اب تک 15 ون ڈے اور 28 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں، وہ آخری مرتبہ پاکستان کی جانب سے دسمبر 2024 میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل جبکہ فروری 2025 میں ون ڈے میچ میں ایکشن میں نظر آئے تھے۔
این سی اے لاہور میں جاری باؤلرز ڈویلپمنٹ کیمپ میں نوجوان فاسٹ بولرز کو تکنیکی مہارت اور جسمانی فٹنس بہتر بنانے کے لیے خصوصی تربیت دی جا رہی ہے۔
معروف کوچ ایشلے نوفکے اور این سی اے کے کوچنگ اسٹاف نے گرِپ، بولنگ ایکشن، لائن اور لینتھ سمیت مختلف ڈرلز کی نگرانی کی، اس موقع پر اسپورٹس سائنس ایکسپرٹ ڈاکٹر جاوید مغل نے فاسٹ بولرز کے لیے ورک لوڈ مینجمنٹ پر خصوصی سیشن بھی کیا۔


