وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چینی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی آزمودہ اور مضبوط ہے، دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے سے محبت اور احترام کرتے ہیں، اب اس دوستی کو ڈیٹا، ٹیکنالوجی اور جدت کے نئے دور میں داخل کرنا چاہتے ہیں۔
چین میں انٹرنیشنل بگ ڈیٹا ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل تبدیلی سے ہم آہنگ ہونا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، پنجاب کے نوجوان ڈیجیٹل مستقبل کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔
مریم نواز نے پنجاب کو پاکستان کا اگلا ڈیجیٹل پاور ہاؤس بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ڈیٹا کے استعمال، کلاؤڈ کمپیوٹنگ اور اے آئی کے فروغ پر خصوصی توجہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اے آئی اور بگ ڈیٹا مستقبل میں ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے ، پنجاب ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے پوری طرح تیار ہے، ڈیجیٹل انقلاب دنیا کی معیشت کی سمت تبدیل کر رہا ہے۔ پاکستان چین کے ساتھ ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل شعبے میں تعاون مزید بڑھائے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب زرعی شعبے کے لیے بہت بڑی مارکیٹ ہے، صوبے میں زراعت کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں، پنجاب تمام صوبوں کے لیے فوڈ باسکٹ کا کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے چینی سرمایہ کاروں کو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل معیشت، مصنوعی ذہانت اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔
علاوہ ازیں مریم نواز نے گوئیانگ میں پارٹی سیکرٹری ہی ژونگ یو سے ملاقات میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، بگ ڈیٹا اور معاشی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا اور چینی صوبہ گوئیژو کے ساتھ تکنیکی اور تجارتی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔



