وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دورہ چین کے موقع پر زراعت و ٹیکنالوجی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دورۂ چین کے دوران سنکیانگ کے پارٹی سیکرٹری چن شیاو جیانگ سے ملاقات ہوئی، جس میں زراعت، آبپاشی، لائیو اسٹاک، صنعت، معدنیات اور جدید ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
سنکیانگ کے پارٹی سیکرٹری چن شیاو جیانگ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا پرتپاک خیرمقدم کیا، جس پر وزیراعلیٰ نے ان کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں زرعی شعبے کی ترقی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر خصوصی توجہ دی گئی، دونوں جانب سے جدید ایریل وہیکلز، واٹر لیولنگ اور ڈیجیٹل کراپ مانیٹرنگ سمیت جدید زرعی طریقے اپنانے پر اتفاق کیا گیا۔
مریم نواز نے زرعی مشینری، جدید آبپاشی نظام اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بہتر زرعی پیداوار کے لیے چین کے آزمودہ بیجوں سے بھی استفادہ کرنا چاہتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب زرعی پیداوار کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے اور گندم، مکئی، گنے اور چاول کی ملکی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، پنجاب کارپوریٹ فارمنگ کے شعبے میں سنکیانگ کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کا خواہاں ہے۔
وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کی چین کے صوبہ سنکیانگ کے پارٹی سیکرٹری چن شیاوجیانگ سے ملاقات۔ زراعت، آبپاشی، میکانائزیشن، لائیوسٹاک اور جدید ٹیکنالوجی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق۔
جدید واٹر مینجمنٹ، ڈیجیٹل کراپ مانیٹرنگ، آزمودہ چینی بیج اور کارپوریٹ فارمنگ کے تجربات سے استفادہ،… pic.twitter.com/BKrl98LAN4
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) August 25, 2026
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب چین کے ساتھ زراعت، صنعت، معدنیات اور نئی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانا چاہتا ہے۔
ملاقات میں پنجاب اور چین کے درمیان وفود کے تبادلوں اور عوامی روابط کو مضبوط بنانے پر بھی زور دیا گیا جبکہ ترقی، علاقائی استحکام اور چین کی بین الاقوامی حکمت عملی کے تحت باہمی تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز چار روزہ دورے پر چین گئی ہیں۔

