بھارت میں ہریانوی گلوکار اور یوٹیوبر انکت بالیان کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ریاست اتر پردیش میں بدھ کی شام کوتوالی تھانے کی حدود میں پیش آیا، جہاں دو موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح حملہ آوروں نے جم سے باہر نکلنے والے انکت بالیان کو نشانہ بنایا۔
رپورٹس کے مطابق حملہ آوروں نے انکت بالیان پر 18 گولیاں چلائیں، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
پولیس کے مطابق مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی متعدد ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ حملہ آوروں کی شناخت کرکے انہیں گرفتار کیا جا سکے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انکت بالیان کے یوٹیوب چینل پر 3 لاکھ 66 ہزار سے زائد سبسکرائبرز تھے۔ وہ اپنی ویڈیوز میں متعدد معروف گلوکاروں، فنکاروں اور پرفارمرز کے ساتھ نظر آتے تھے۔
مقتول کی بعض ویڈیوز میں اسلحہ، فائرنگ اور مہنگی گاڑیوں کی نمائش بھی کی گئی تھی۔ میڈیا رپورٹس میں یہ قیاس آرائیاں بھی سامنے آئی ہیں کہ انکت بالیان آئندہ پنچایتی انتخابات میں حصہ لینے کی تیاری کر رہے تھے، تاہم پولیس یا ان کے قریبی ساتھیوں نے اس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔
پولیس کے مطابق انکت بالیان کے قتل کی وپولیس کے مطابق انکت بالیان کے قتل کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکیں اور واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے انکت بالیان کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان پر 18 راؤنڈ فائر کیے گئے۔ اس واقعے سے اتر پردیش میں امن و امان کی صورتحال صفر ہو کر رہ گئی ہے۔
اکھلیش یادو نے مطالبہ کیا کہ قتل کے واقعے کی تحقیقات میں ممکنہ سیاسی دشمنی کے پہلو کو بھی شامل کیا جائے۔ جٹ برادری اس قتل کو اپنے خلاف حملہ سمجھتے ہوئے شدید غم و غصے میں ہے اور حملہ آوروں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کر رہی ہے۔



