حکومت نے عوام کو ریلیف دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کردیا۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 9 روپے 41 پیسے کمی کے بعد 352 روپے 59 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 5 روپے 56 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 382 روپے 25 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
اوگرا کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق 6 نومبر سے ہوگا، جس کے بعد ملک بھر میں پیٹرول اور ڈیزل نئی مقررہ قیمتوں پر دستیاب ہوں گے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے ٹرانسپورٹ کے شعبے اور عوام کو ریلیف ملنے کی توقع ہے، کیونکہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ردوبدل کا اثر سفری اخراجات اور اشیائے ضروریہ کی ترسیل پر بھی پڑتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں 3 سے 6 نومبر کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل کمی کی گئی، ان 4 دنوں میں پیٹرول مجموعی طور پر 25 روپے 32 پیسے فی لیٹرسستا ہوا جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 20 روپے 71 پیسے فی لیٹر کمی ریکارڈ کی گئی۔
گزشتہ روز پیٹرول 7 روپے 6 پیسے سستا کرکے 362 روپے جبکہ ڈیزل 3 روپے 71 پیسے کمی کے بعد 387 روپے 81 پیسے فی لیٹر مقرر کیا گیا تھا۔



