پنجاب حکومت نے صوبے میں بڑے پیمانے پر انتظامی ردوبدل کرتے ہوئے متعدد سیکرٹریز، کمشنرز اور دیگر اعلیٰ سرکاری افسران کے تبادلے اور تعیناتیاں کر دی ہیں، جبکہ کمشنر لاہور سمیت اہم انتظامی عہدوں پر نئی تقرریاں بھی کر دی گئی ہیں۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق محمد جہانزیب کو کمشنر لاہورتعینات کر دیا گیا ہے جبکہ کمشنر لاہور کے عہدے پر کام کرنے والے نعمان یوسف کو تبدیل کرکے سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ مقرر کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صاحبزادی وسیمہ عمر کو سیکرٹری اسکول ایجوکیشن تعینات کر دیا گیا ہے، انہیں منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پی پی آر اے) کے عہدے سے تبدیل کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ علی جان خان کی بطور سیکرٹری اسکول ایجوکیشن تعیناتی سے متعلق 22 اکتوبر کو جاری کیا گیا نوٹیفکیشن بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔
کیپٹن (ر) نور الامین مینگل کو سیکرٹری ہاؤسنگ کے عہدے سے تبدیل کرکے سروسز ڈیپارٹمنٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ دانش افضال کو سیکرٹری ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ مقرر کر دیا گیا ہے۔

ڈاکٹرساجد محمود چوہان کو سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ تعینات کرنے کے ساتھ ان کے عہدے کو بی ایس 21 میں اپ گریڈ کر دیا گیا ہے، اسی طرح ثمن رائے کو سیکرٹری لیبر اینڈ ہیومن ریسورس مقرر کیا گیا ہے۔
مزید برآں سیدہ کلثوم حئی کو ڈائریکٹر جنرل مانیٹرنگ ہوم ڈیپارٹمنٹ جبکہ محمد اطہر مسعود کو ڈائریکٹر جنرل کچی آبادیاں پنجاب تعینات کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب جنوبی پنجاب میں بھی پولیس کے اعلیٰ افسر کی تعیناتی تبدیل کردی گئی ہے، سید خرم علی شاہ کو نیا ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (آئی جی) ساؤتھ پنجاب تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ اس عہدے پر تعینات شہزادہ سلطان کو تبدیل کرکے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ لاہور رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔



