نئی دہلی: بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش میں شادی کے نام پر درجنوں نوجوانوں کے ساتھ فراڈ کا انوکھا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں 40 سے زائد دولہے دلہنوں کا انتظار کرتے رہے لیکن کوئی دلہن شادی کے لیے نہیں پہنچی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مدھیہ پردیش کے رہائشی ابھیشیک ورما کے والدین اپنے بیٹے کی شادی کے لیے پریشان تھے، اسی دوران قریبی گاؤں کے ایک شخص نے خود کو میرج میچ میکر ظاہر کرتے ہوئے رشتہ کرانے کی پیشکش کی۔ مبینہ طور پر اس نے دولہوں کے خاندانوں کو بتایا کہ انہیں صرف تصویروں کے البم سے یتیم لڑکی کا انتخاب کرنا ہوگا اور اجتماعی شادی میں شرکت کے لیے تقریباً 200 ڈالر ادا کرنا ہوں گے۔
مئی کے آخر میں شادی کے روز ورما سمیت تقریباً 40 دولہے صبح 8 بجے شادی کے لباس میں تقریب میں پہنچے۔ دلہے کئی گھنٹے دلہنوں کا انتظار کرتے رہے، تاہم شام تک انہیں احساس ہوا کہ وہ فراڈ کا شکار ہوچکے ہیں۔
پولیس افسر پریتی کٹارے کے مطابق فراڈ کا شکار ہونے والے افراد دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے 20 سے 40 سال کی عمر کے مرد ہیں۔ شرمندگی کے باعث ممکنہ طور پر درجنوں دیگر متاثرین نے پولیس سے رابطہ نہیں کیا۔
یہ بھی پڑھیں: بیلجیئم میں تعمیراتی کام کے دوران دیواروں سے اربوں روپے مالیت کا سونا برآمد
پولیس نے رشتے کروانے والے شخص اور اس کے ساتھیوں کے خلاف دھوکہ دہی کے مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
