عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق امریکی خام تیل 85.70 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا، قیمت میں 0.76 ڈالر یعنی 0.89 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
برطانوی خام تیل 0.60 ڈالر اضافے کے بعد 91.62 ڈالر فی بیرل جبکہ اماراتی مربن خام تیل 0.74 ڈالر اضافے سے 98.49 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا ہے۔
قدرتی گیس کی قیمت بھی 1.84 فیصد اضافے کے بعد 2.827 ڈالر پر پہنچ چکی ہے، واضح رہے کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کا اثر پاکستان کے مقامی پیٹرولیم نرخوں پر بھی پڑتا ہے۔
واضح رہے حکومت نے 19 اگست 2026 کے لیے پٹرول کی قیمت میں 3.34 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5.27 روپے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔ نئے نرخوں کے مطابق پٹرول 334.54 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 395.69 روپے فی لیٹر ہوگیا ہے۔
پاکستان میں روزانہ کی بنیاد پر پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں ردو بدل کیا جاتا ہے، آج حکومت عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف دینے جا رہی ہے جس کا باقاعدہ اعلان اوگرا کرے گا۔ وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 30 سے 32 روپے تک کمی کا امکان ہے۔
پاکستان چونکہ اپنی پیٹرولیم ضروریات کا ایک بڑا حصہ درآمد کرتا ہے، اس لیے عالمی خام تیل کی قیمت، عالمی ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر اور ٹیکسز مقامی پٹرولیم قیمتوں پر براہِ راست اثر انداز ہوتے ہیں۔
پاکستان میں صارفین جو قیمت پیٹرول پمپ پر ادا کرتے ہیں، اس میں صرف عالمی خام تیل کی قیمت شامل نہیں ہوتی بلکہ پیٹرولیم لیوی، کسٹمز ڈیوٹی، کلائمیٹ سپورٹ لیوی اور دیگر اخراجات بھی شامل ہوتے ہیں۔
حکومت نے پیٹرول و ڈیزل کی قیمت میں مزید اضافہ کر دیا
حالیہ اعداد و شمار کے مطابق پٹرول پر ٹیکسز اور ڈیوٹیز تقریباً 114 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل پر تقریباً 100 روپے فی لیٹر تک ہیں، جن میں پٹرول پر 80 روپے اور ڈیزل پر 77.28 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی شامل ہے۔ دونوں مصنوعات پر 5 روپے فی لیٹر کلائمیٹ سپورٹ چارج بھی عائد ہے۔
