ایمسٹلوین: ہاکی ورلڈکپ کے گروپ ڈی کے اہم میچ میں بھارت نے پاکستان کو 3-5 سے شکست دے کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا، جبکہ شکست کے بعد پاکستان کا ورلڈکپ سفر اختتام پذیر ہوگیا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان سنسنی خیز مقابلے میں گرین شرٹس نے بھرپور مزاحمت کی، تاہم بھارتی ٹیم نے اہم لمحات میں بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی اپنے نام کی۔
پاکستان کی جانب سے شاہد حنان نے دو جبکہ سفیان خان نے ایک گول کیا۔ بھارتی ٹیم نے مجموعی طور پر پانچ گول اسکور کیے اور 5-3 کی کامیابی کے ساتھ اگلے مرحلے میں جگہ بنالی۔
پاکستان نے گروپ ڈی میں اپنے پہلے میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں 1-4 سے شکست کھائی تھی، جبکہ ویلز کے خلاف میچ برابر رہا تھا۔ بھارت کے خلاف شکست کے بعد پاکستان گروپ مرحلے میں ایک بھی میچ جیتنے میں ناکام رہا اور ایونٹ سے باہر ہوگیا۔
دوسری جانب انگلینڈ نے گروپ ڈی میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی جبکہ بھارت نے پاکستان کو شکست دے کر دوسرے نمبر پر رہتے ہوئے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
پاکستانی ٹیم نے بھارت کے خلاف مقابلے میں کئی مواقع پیدا کیے لیکن بھارتی دفاع اور گول کیپنگ کے سامنے مطلوبہ نتائج حاصل نہ کرسکی۔
پاکستانی ہاکی ٹیم کے لیے یہ ورلڈکپ ایک بھی کامیابی کے بغیر اختتام پذیر ہوا جبکہ روایتی حریف بھارت اہم کامیابی حاصل کرکے اگلے مرحلے میں پہنچ گیا۔
واضح رہے کہ ہاکی ورلڈ کپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت 16 سال بعد آمنے سامنے آئے تھے جس می گرین شرٹس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
بابر اعظم انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے باہر، سلمان علی آغا ٹیم کی قیادت کریں گے
دونوں ٹیموں میں ورلڈ کپ میں آخری مقابلہ 2010 میں ہوا
پاکستان اور بھارت آخری مرتبہ ورلڈ کپ میں 28 فروری 2010 کو نئی دہلی میں مدمقابل ہوئے تھے، جہاں بھارت نے پاکستان کو 4-1 سے شکست دی تھی۔ سندیپ سنگھ نے دو گول کیے جبکہ شیویندر سنگھ اور پربھجوت سنگھ نے ایک، ایک گول کیا۔ پاکستان کی جانب سے سہیل عباس نے واحد گول کیا۔ورلڈ کپ میں دونوں ٹیموں کے باہمی مقابلوں میں بھارت کو 3-2 کی برتری حاصل ہے۔
