صدر مملکت نے 79 ویں یومِ آزادی کےموقع پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 14 اگست کو ان قربانیوں کو یاد کرتے ہیں جن کی بدولت پاکستان کا قیام ممکن ہوا۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ قائداعظم، آزادی کے رہنماؤں اور کارکنوں اور قربانیاں دینے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ آزادی صرف ایک تاریخی کامیابی نہیں بلکہ ایک ذمہ داری بھی ہے، پاکستان کومزید مضبوط، محفوظ اور خوشحال بنانا ہو گا۔ ملک کے اندرونی معاملات اور قومی ترقی پر توجہ مرکوز کرنا ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق نے ثابت کیا پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن خودمختاری کے دفاع کی صلاحیت رکھتا ہے، آج ہمیں جو امن اور استحکام حاصل ہے،اس کیلئے بڑی قیمت ادا کی گئی ہے، مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس کی بہادری اور عزم نے ہماری قوم کے تحفظ میں اہم کردارادا کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کی قومی خودمختاری کا ہمیشہ احترام اور حمایت کی ہے، افغان سرزمین دہشتگرد حملوں کے لیے استعمال ہونا اور افغان طالبان حکمرانوں کا پاکستان کیخلاف دہشتگردی میں تعاون افسوسناک ہے، پاکستانی عوام کے خلاف شرپسندانہ کارروائیاں بند کی جائیں۔
مسلح افواج کی قوم کو 79 ویں جشن آزادی کے موقع پر مبارکباد
ان کا کہنا تھا کہ تنازعات کو بالآخر مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے، ہماری سلامتی ہمارے پڑوس اور پوری دنیا کے امن اور استحکام سے جڑی ہوئی ہے، پاکستان کشیدگی کم کرنے کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کی کوششیں جاری رکھے گا۔
صدر زرداری نے کہا کہ معیشت مضبوط، نوجوانوں کے لیے مواقع، تعلیم و ہنر بہتر بنانا ہوں گے تمام پاکستانی ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں، اللہ تعالیٰ پاکستان کی حفاظت فرمائے، ہمارے عوام کو امن اور خوشحالی عطا کرے۔
