اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں قوم کو اتحاد، امن اور ترقی کا پیغام دیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یوم آزادی کے موقع پر پاکستان اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم متحد ہوکر ملک کی ترقی، خوشحالی، امن و استحکام اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے بھرپور کردار ادا کرے۔
یوم آزادی کے 79 سال مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کی صورت میں ہمیں آزادی جیسی عظیم نعمت سے نوازا۔
قائداعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال اور تحریک آزادی کے دیگر رہنماؤں کی مدبرانہ قیادت اور ہمارے آباؤ اجداد کی لازوال قربانیوں کے نتیجے میں آزاد وطن کا خواب شرمندۂ تعبیر ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایسی سرزمین ہے جہاں شہری عزت و وقار کے ساتھ اپنی دینی و تہذیبی اقدار کے مطابق زندگی گزار سکتے ہیں، جبکہ آئین اور قوانین تمام شہریوں کے حقوق کے ضامن ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ مشکلات اور آزمائشوں کے باوجود پاکستان ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن ہے۔ پاکستانی قوم نے دفاع، معیشت، صنعت، تعلیم، سائنس، زراعت، کھیل اور دیگر شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں، ہنرمند افراد، پیشہ ور ماہرین، کسانوں اور محنت کشوں کو ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت قرار دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ ڈھائی سال کے دوران مشکل مراحل طے کرکے مستحکم معیشت کی بنیاد مضبوط کی اور اب پاکستان ترقی یافتہ معیشت کی منزل کی جانب بڑھ رہا ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ دو برس کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں 11.3 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا، جو حکومتی پالیسیوں پر اوورسیز پاکستانیوں کے اعتماد کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی، صنعتی و زرعی ترقی، عوامی فلاح و بہبود، روزگار کے مواقع اور عالمی معیار کی تعلیم و ہنر کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم نے ملکی دفاع کے لیے مسلح افواج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج پر فخر کرتی ہے۔ ان کے مطابق معرکۂ حق میں مسلح افواج نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں اتحاد، عزم اور بے مثال بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملکی دفاع اور سربلندی کی نئی تاریخ رقم کی۔
شہباز شریف نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے دفاع، آبی وسائل اور دیگر قومی مفادات کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان آج دنیا میں ایک مضبوط، پُرعزم، باوقار اور امن کی توانا آواز کے طور پر پہچانا جاتا ہے اور مشکل علاقائی صورتحال کے باوجود خطے میں امن، استحکام اور تعاون کے فروغ میں تعمیری کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے فلسطینی عوام اور جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان کے لیے اپنی اصولی حمایت جاری رکھے گا۔ وزیراعظم نے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں، عالمی قوانین اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق سفارتی حل ضروری قرار دیا۔
یوم آزادی کے موقع پر وزیراعظم نے وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو بھی خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ قوم بہادر افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں، غازیوں اور تمام شہداء کی قربانیوں کی مقروض ہے۔
پاکستان ناروے تجارت بڑھانے کا خواہاں، وزیراعظم کی نارویجن کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی دعوت
اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف نے قوم پر زور دیا کہ وہ قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی، خوشحالی، امن، استحکام اور باہمی ہم آہنگی کے لیے مل کر کام کرے۔ انہوں نے تمام طبقات اور سیاسی جماعتوں کو ملکی سالمیت اور قومی مفادات کے تحفظ و فروغ کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کی دعوت بھی دی۔
وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو دنیا میں عزت و وقار کی علامت بنائے اور ملک کو کامیابیوں سے مزین روشن اور درخشاں مستقبل عطا فرمائے۔
