لاہور: تھانہ لاری اڈہ کی حدود میں جرائم پیشہ ملزمان کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔ پولیس ترجمان کے مطابق شہید ہونے والوں میں سب انسپکٹر عدیل عاشق اور ہیڈ کانسٹیبل اسد شامل ہیں۔
دوسری جانب ملتان روڈ پر فائرنگ کے واقعے میں فائرنگ سے زخمی ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا ہے ، شہید اہلکار کی شناخت حارث کے نام سے ہوئی ہے۔ اس طرح لاہور میں تین پولیس اہلکار شہید ہو گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے تحقیقات اور کارروائی جاری ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کے مطابق فائرنگ میں ملوث مرکزی ملزم کی شناخت ریحان بٹ کے نام سے ہوئی ہے جبکہ دیگر نامعلوم ملزمان کی شناخت کا عمل بھی جاری ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ایس پی سٹی کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء کے خون کا حساب قانون کے مطابق لیا جائے گا جبکہ دونوں پولیس اہلکاروں نے فرض کی ادائیگی کے دوران جان کا نذرانہ پیش کیا۔
پولیس حکام کے مطابق شہید سب انسپکٹر عدیل عاشق نے 2024 میں ملزم ریحان بٹ کے خلاف جان سے مارنے کی دھمکیوں کا مقدمہ بھی درج کرایا تھا۔
پولیس کے مطابق ریحان بٹ کا بھائی فیضان بٹ ایک پولیس مقابلے میں مارا گیا تھا، جس کے بعد ریحان بٹ نے سب انسپکٹر عدیل کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی تھیں۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم نے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سے رپورٹ طلب کرلی اور فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کردی۔
آئی جی پنجاب نے فرض کی راہ میں شہادت کا رتبہ پانے والے دونوں پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید پولیس اہلکاروں کے اہلخانہ کی ویلفیئر اولین ترجیح ہے۔

دوسری جانب لاہور ملتان روڈ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ تین زخمی اہلکاروں میں سے حارث نامی پولیس اہلکار شہید ہو گیا ہے۔
بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائیں، پی ٹی آئی قائمہ کمیٹیوں میں واپس آ سکتی ہے، راجہ ناصر عباس
پولیس کے مطابق ملزمان کے فرار ہونے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے، جس میں مبینہ طور پر ملزمان کو فائرنگ کے بعد بھاگتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
پولیس نے دونوں واقعات کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ فائرنگ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
