پاکستانی طلباء کے برطانوی ویزوں میں تاخیر کے معاملے کو حل کرنے کی برطانوی ہائی کمشنر نے یقین دہانی کرا دی۔
وفاقی وزیر برائے قانون، انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ نے پاکستانی طلباء کے برطانیہ کے ویزوں میں تاخیر کا معاملہ برطانوی ہائی کمشنر کے سامنے اٹھایا اور اس حوالے سے حکومت پاکستان کی تشویش سے آگاہ کیا۔
اسلام آباد: وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی ملاقات۔
پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال۔
وفاقی وزیر نے پاکستانی طلباء کے ویزوں میں تاخیر پر حکومتی تشویش سے آگاہ کیا۔
برطانوی ہائی کمشنر کی پاکستانی طلباء کے ویزوں… pic.twitter.com/fEimBE3tHy— PTV News (@PTVNewsOfficial) August 13, 2026
وفاقی وزیر نے کہا کہ سینکڑوں پاکستانی طلباء برطانوی ویزوں میں تاخیر کے باعث مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ ویزوں کے بروقت اجرا میں تاخیر سے طلباء کا تعلیمی سال ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی طلباء کے لیے بیرون ملک تعلیمی مواقع میں حائل رکاوٹیں دور کرنا ضروری ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے ہائی کمشنر کو بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر بیرون ملک زیر تعلیم پاکستانی طلباء سے متعلق قانونی و ادارہ جاتی فریم ورک میں بہتری کے لیے ان کی سربراہی میں ایک کمیٹی کام کر رہی ہے۔ کمیٹی نے اس معاملے پر اپنی سفارشات بھی مرتب کرلی ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستانی طلباء کے بیرون ملک تعلیم کے لیے قانونی اور ادارہ جاتی فریم ورک کو مزید مؤثر بنانے پر کام جاری ہے تاکہ طلباء کو تعلیمی مواقع کے حصول میں غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پاکستانی طلباء کے ویزوں میں تاخیر کا معاملہ حل کرنے کے لیے تعاون اور اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔
ناروے کے وزیر خارجہ کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات، دفاعی و سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق
ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلیمی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی روابط اور باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے امور پر بھی گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں وزیر مملکت برائے قانون، انصاف و انسانی حقوق بیرسٹر عقیل ملک بھی موجود تھے۔
