اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے راولپنڈی میں پیش آنے والے فائرنگ کے ایک واقعے پر بات کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ اسلحے سے لیس ہو کر تشدد کی سیاست کرنا پاکستان تحریک انصاف کا وطیرہ بن چکا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ” سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مال روڈ راولپنڈی میں فائرنگ کرنے والے ملزم کو ہلاک کر دیا۔”
سیکیورٹی ذرائع نے مزید دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک ہونے والا ملزم ضلع خیبر کا رہائشی تھا اور وہ “پی ٹی آئی کا سرگرم رکن تھا۔” ملزم کے قبضے سے پارٹی پرچم، اسلحہ، گولیاں اور اہم دستاویزات بھی برآمد کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
واقعہ پر مزید بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکن، جس سے پارٹی کا جھنڈا اور دیگر دستاویزات بھی برآمد ہوئیں، کی جانب سے سیکیورٹی اہلکار پر فائرنگ کا کوئی جواز نہیں تھا۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی پرامن احتجاج پر یقین نہیں رکھتی، ان کے مقاصد اور عزائم پوری قوم دیکھ چکی ہے۔
انہوں نے پی ٹی آئی پر اپنے احتجاجوں میں پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں کو شہید کرنے کا الزام بھی لگایا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے لانگ مارچ کی کال کے حوالے سے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی پی ٹی آئی کو ہضم نہیں ہو رہی، یہ ہر اہم موقع پر احتجاج کا اعلان کر دیتے ہیں، یہ ملک میں انارکی پھیلانا اور امن و امان کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تشدد پی ٹی آئی کا نظریہ ہے، انہوں نے ہمیشہ تشدد کی سیاست کی ہے اور ان کا کوئی ایک احتجاج بھی پرامن نہیں ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: تمام ہائیکورٹس میں نئے ججز کی تقرری کے نوٹیفکیشن جاری
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ یہ ثابت ہو چکا ہے کہ پی ٹی آئی کے ہر احتجاج کے پیچھے مذموم مقاصد ہیں، یہ امن و امان کو تباہ کر کے ملک کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، لیکن ان شاء اللہ پاکستان ترقی کرتا رہے گا کیونکہ پاکستان کی قیادت ترقی کے لئے دن رات کوشاں ہے۔ “ان شاء اللہ پاکستان اور پاکستان کے عوام کو ہر محاذ پر فتح ہوگی اور دشمنوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔”
