اسلام آباد، وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے پاکستان میں امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور امریکا کے درمیان اقتصادی تعلقات اور دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے امریکی ناظم الامور کو اپنے حالیہ دورۂ واشنگٹن کے بارے میں بریفنگ دی، انہوں نے امریکی وزیر خزانہ، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی اعلیٰ انتظامیہ، امریکی انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن اور امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک کے حکام سے ہونے والی بات چیت سے بھی آگاہ کیا۔
محمد اورنگزیب نے پاکستان اورامریکا کے درمیان باہمی تجارتی فریم ورک کے حوالے سے امریکی تجارتی نمائندے کے دفتر کیساتھ حالیہ رابطوں پر بھی روشنی ڈالی، پاکستان باہمی مفاد کی بنیاد پراس فریم ورک کو آگے بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
وزیر خزانہ نے پاکستان کی بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس میں سرگرمیوں اور فنانسنگ کے ذرائع کو متنوع بنانے کی کوششوں سے بھی امریکی ناظم الامور کو آگاہ کیا۔
ملاقات میں بندرگاہوں اور لاجسٹکس، توانائی، ٹیلی کمیونیکیشن، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور دیگر ابھرتے ہوئے شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
نیٹلی بیکر نے حالیہ علاقائی تنازع اور اس کے اقتصادی اثرات، بالخصوص توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باوجود اقتصادی و مالیاتی استحکام برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
محمد اورنگزیب نے بدلتی ہوئی صورتحال سے نمٹنے کے لیے حکومت کی جانب سے کئے جانیوالے اقدامات سے آگاہ کیا اور امریکی شراکت داروں کے تعمیری کردار کو سراہا، انہوں نے سرمایہ کاری میں سہولت اورکاروباری ماحول بہتر بنانے کے لیے پاکستان کی آمادگی پرزور دیا۔
امریکی ناظم الامور نے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون مزید مضبوط بنانے میں امریکا کی مسلسل دلچسپی کا اظہار کیا۔
