لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 11 سے 18 اگست تک ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے نیشنل چیمپئنز کپ کے تمام میچز میں شائقین کا داخلہ مفت رکھنے کا اعلان کر دیا۔
پی سی بی کے مطابق نیشنل چیمپئنز کپ کے تمام 7 میچز ڈے نائٹ ہوں گے، جن کا آغاز دوپہر 3 بجے ہو گا۔
نیشنل چیمپئنز کپ میں پاکستان گرینز، پاکستان وائٹس، پاکستان بلوز اور پاکستان گولڈ کی چار ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ٹورنامنٹ سنگل لیگ راؤنڈ رابن کی بنیاد پر کھیلا جائے گا، جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل کی سرفہرست دو ٹیمیں فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔
پاکستان گولڈ کی قیادت شاہین شاہ آفریدی، پاکستان گرینز کی کپتانی شاداب خان، پاکستان وائٹس کی قیادت صائم ایوب جبکہ پاکستان بلوز کی کپتانی صاحبزادہ فرحان کریں گے۔
پی سی بی نے ٹورنامنٹ کے لیے 44 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈز کے علاوہ 13 ریزرو کھلاڑیوں کا بھی اعلان کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ای اسپورٹس ورلڈ کپ؛ پاکستان کے محمد زبیر نے ٹیکن 8 ٹائٹل اپنے نام لیا
نیشنل چیمپئنز کپ 27-2026 کے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کا آغاز بھی کرے گا اور اسے 2027 کے آئی سی سی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں اہم قرار دیا جارہا ہے۔
