معروف اداکار اور بھارتی ریاست تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ سی جوزف وجے کی اہلیہ سنگیتا نے فیملی کورٹ میں دائر اپنی طلاق کی درخواست واپس لے لی جس کے بعد عدالت نے مقدمہ نمٹا دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سنگیتا نے جمعہ کے روز ویڈیو کانفرنس کے ذریعے عدالت میں پیش ہو کر بیان ریکارڈ کرایا کہ وہ طلاق کے مقدمے کو مزید آگے نہیں بڑھانا چاہتیں ان کے بیان کے بعد عدالت نے درخواست واپس لینے کی اجازت دے دی۔
عدالتی حکم کے مطابق سنگیتا نے باقاعدہ طور پر درخواست واپسی جمع کرائی تھی، جس پر عدالت نے ان کا بیان ریکارڈ کیا۔
وجے کے وکیل نے بھی درخواست واپس لیے جانے پر کوئی اعتراض نہیں کیا، عدالت نے سنگیتا کو مستقبل میں ضرورت محسوس ہونے پر نئی درخواست دائر کرنے کی اجازت بھی دے دی۔
خیال رہے کہ سنگیتا نے فروری 2026 میں طلاق کی درخواست دائر کی تھی، جس میں انہوں نے وجے کے مبینہ طور پرایک خاتون اداکارہ کے ساتھ تعلقات کا الزام عائد کیا تھا۔
سنگیتا کے مطابق انہیں 2021 میں اس مبینہ تعلق کا علم ہوا، جس کے بعد وجے نے اسے ختم کرنے کا وعدہ کیا تاہم ان کے بقول ایسا نہیں ہوا۔
درخواست میں سنگیتا نے مؤقف اختیارکیا تھا کہ وجے نے وقت کے ساتھ انہیں اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی سے الگ کردیا اور بیرونِ ملک دوروں و عوامی تقریبات میں مذکورہ اداکارہ کے ساتھ نظر آتے رہے ان ملاقاتوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر بھی شیئر ہوتی رہیں۔
شادی کا کوئی ارادہ نہیں، اکیلی بے حد خوش ہوں، امیشا پٹیل
سنگیتا نے درخواست میں مزید دعویٰ کیا تھا کہ ان حالات کے باعث انہیں اوران کے دونوں بچوں، جیسن سنجے اور دیویا ساشا، کو ذہنی اذیت اورسبکی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے وجے پر مالی پابندیاں عائد کرنے اور اپنی نقل و حرکت محدود کرنے کے الزامات بھی لگائے تھے۔
تاہم اب سنگیتا کی جانب سے طلاق کی درخواست واپس لیے جانے کے بعد عدالت نے موجودہ مقدمہ ختم کردیا ہے جبکہ مستقبل میں نئی درخواست دائر کرنے کا راستہ کھلا رکھا گیا ہے۔
