وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ لاہور کے اچانک دورے کے بعد ایف آئی اے حکام کو سختی سے تاکید کی کہ نامکمل سفری دستاویزات پر کسی کو سفر کی اجازت ہر گز نہ دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے امیگریشن میں آسان ہوئی ہے اور جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والوں کے خلاف شکنجہ سخت کیا جائیگا جبکہ مکمل سفری دستاویزات والے کسی مسافر کو سفر سے نہیں روکا جائے گا۔
انہوں نے ائرپورٹ پر مسافروں کے امیگریشن پراسیس کا جائزہ لینے کے لیے امیگریشن کاونٹرز کا معائنہ کیا اور عملے سے پراسیس بارے پوچھا۔
وزیرداخلہ نے مسافروں سے بھی امیگریشن پراسیس کے وقت بارے دریافت کیا جس پر مسافروں نے بتایا کہ امیگریشن میں 30 منٹ میں لگے اور امیگریشن کے لئے انتظامات مزید بہتر کرنے کی استدعا کی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ لاہور کا اچانک دورہ
وزیرداخلہ نے ائرپورٹ پر مسافروں کے امیگریشن پراسیس کا جائزہ لیا
وزیرداخلہ نے امیگریشن کاونٹرز کا معائنہ کیا اور عملے سے پراسیس بارے پوچھا
مسافروں سے امیگریشن پراسیس کے وقت بارے دریافت کیا pic.twitter.com/LyOZ5TfJsg— Ministry of Interior GoP (@MOIofficialGoP) August 9, 2026
اس پر محسن نقوی نے مسافروں کو امیگریشن کے عمل کو تیز کرنے کی یقین دہانی کرائی اور ائرپورٹ پر تمام کاونٹرز اوپن رکھنے کے احکامات جاری کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ دیگر کاونٹرز اوپن ہونے سے امیگریشن میں تاخیر نہیں ہو گی اور مسافروں کو سہولت ملے گی۔
مسافروں سے بات چیت کے دوران ایک مسافر نے وزیر داخلہ سے ایجنٹ کی جانب سے رقم لینے کی شکایت کی جس پر انہوں نے نوٹس لیتے ہوئے کیس ڈائریکٹر ایف آئی اے کے سپرد کر کہ ایجنٹ کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔
