ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ مسلمان متحد ہوں تو ہر چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی افواج نے دنیا کی مہنگی ترین فوج کے مقابلے میں اپنی قوت کا مظاہرہ کیا، اب وقت آ گیا ہے کہ ہم صرف اپنے آپ پر بھروسہ کریں اور متحد ہوں۔
ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران کی مسلح افواج نے دنیا کی مہنگی ترین فوجی طاقت کے سامنے اپنی تیاری، صلاحیت اور قوت کا مظاہرہ کیا ہے۔
⚡️🇮🇷 — Iranian Foreign Minister Abbas Araghchi:
"Iran's Powerful Armed Forces have shown their readiness, capability, and might in face of the world's most expensive military.
When Muslims stand together, we can face every challenge by malicious outsiders head-on.
Time to… pic.twitter.com/xq91jIwGUb
— MaxOsint Intel (@maxosintintel) August 7, 2026
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ جب مسلمان متحد ہو کر کھڑے ہوتے ہیں تو وہ بیرونی عناصر کی جانب سے درپیش ہر چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کر سکتے ہیں۔
انہوں نے اپنے بیان میں مسلم دنیا کے درمیان اتحاد، خود انحصاری اور باہمی تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
دوسری جانب ایرانی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمینیا نے کہا ہے کہ ایرانی فوج نے حالیہ برسوں میں اپنی دفاعی اور جنگی صلاحیت میں نمایاں اضافہ کیا ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
بریگیڈیئر جنرل اکرمینیا نے کہا کہ جنگی تیاری صرف نئے ہتھیار فراہم کرنے کا نام نہیں بلکہ موجودہ دفاعی نظام کی بحالی، جدید خطوط پر اپ گریڈیشن، نئے آلات کی شمولیت، مقامی صلاحیتوں کے فروغ اور افواج کے حوصلے کو مضبوط بنانے جیسے متعدد اقدامات پر مشتمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں جنگی صلاحیت کا ایک اہم حصہ پرانے یا متاثرہ دفاعی نظام کی مرمت اور جدید کاری سے وابستہ ہے، جس کے لیے ایرانی فوج اپنی انجینئرنگ اور تکنیکی مہارت سے دفاعی سازوسامان کی ازسرنو تیاری اور اپ گریڈیشن کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔
ترجمان کے مطابق نئے دفاعی آلات کی شمولیت کے بعد فوج نے اپنی جنگی استعداد کو موجودہ ضروریات کے مطابق مزید مؤثر انداز میں منظم کیا ہے۔
بریگیڈیئر جنرل اکرمینیا نے فضائی دفاع کو ملکی دفاعی حکمت عملی کی اہم ترین ترجیحات میں شامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پیچیدہ علاقائی صورتحال اور متنوع خطرات کے پیش نظر فضائی دفاع ملکی فضائی حدود اور اہم تنصیبات کے تحفظ میں فیصلہ کن کردار ادا کرتا ہے۔
امریکا ایران جنگ بندی معاہدہ آج یا کل متوقع ہے، امریکی وزیر خزانہ
انہوں نے کہا کہ فوج کی حقیقی طاقت صرف اسلحے سے نہیں بلکہ اہلکاروں کے ایمان، نظم و ضبط، ذہنی تیاری اور بلند حوصلے سے وابستہ ہوتی ہے، جبکہ موجودہ صورتحال میں ایرانی فوجی جوان جذبۂ ایثار کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دینے کے لیے پُرعزم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی فوج ماضی کی جنگوں میں مقامی صلاحیتوں اور مؤثر منصوبہ بندی کے ذریعے اپنی صلاحیت ثابت کر چکی ہے اور مستقبل کے خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی جنگی تیاری اور دفاعی استعداد میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے۔
