بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ امیشا پٹیل نے اپنی ذاتی زندگی سے متعلق برسوں سے جاری قیاس آرائیوں پر کھل کر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فی الحال شادی کا کوئی ارادہ نہیں رکھتیں اور اکیلی زندگی گزار کر خود کو بے حد خوش محسوس کرتی ہیں، تاہم اگر مستقبل میں کوئی قابلِ اعتماد اور موزوں شخص ملا تو شادی کے امکان کو مکمل طور پر مسترد بھی نہیں کیا جا سکتا۔
51 سالہ اداکارہ نے حال ہی میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے “آسک اے ایم آئی” سیشن کے دوران مداحوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے واضح کیا کہ وہ اس وقت شادی نہیں کریں گی۔
ایک مداح نے جب ان سے شادی کے بارے میں پوچھا تو امیشا نے مختصر مگر دوٹوک جواب دیتے ہوئے لکھا، “کبھی نہیں کروں گی، اکیلی رہ کر بے حد خوش ہوں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے تقریباً سو قریبی رشتہ دار اور دوست ہیں جو ان سے بے حد محبت کرتے ہیں، اس لیے وہ نہیں چاہتیں کہ ایک شخص ان کی موجودہ خوشحال زندگی کو بدل دے۔
اداکارہ نے اپنی ماضی کی محبت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ فلمی دنیا میں قدم رکھنے سے پہلے وہ ایک سنجیدہ رشتے میں تھیں۔
ان کے مطابق ان کا ساتھی جنوبی ممبئی کے ایک معروف صنعتی خاندان سے تعلق رکھتا تھا، مگروہ نہیں چاہتا تھا کہ وہ فلمی صنعت میں کام کریں۔ اسی اختلاف کی وجہ سے انہیں محبت اور کیریئر میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑا۔
امیشا پٹیل نے کہا کہ انہوں نے اپنے کیریئر کے لیے بہت کچھ کھویا اور محبت کے لیے بھی قربانیاں دیں، لیکن ان تجربات نے انہیں زندگی کے اہم سبق سکھائے۔
تاہم اداکارہ نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر مستقبل میں کوئی ایسا شخص ملا جو ہر حال میں انہیں قبول کرے، ان پراعتماد کرے اوران کی شخصیت کا احترام کرے تو وہ شادی کے لیے تیار ہو سکتی ہیں۔
دھوکا دہی کیس ، بھارتی عدالت نے سلمان خان اور ان کی بہن کو طلب کر لیا
ان کا کہنا تھا کہ آج بھی انہیں اچھے اور بااثر خاندانوں سے رشتوں کی پیشکش ہوتی رہتی ہے جبکہ ان سے آدھی عمر کے افراد بھی انہیں ڈیٹ پر لے جانے کی خواہش ظاہر کرتے ہیں۔
ان کے نزدیک عمر سے زیادہ ذہنی پختگی اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ انہوں نے اپنی عمر سے بڑے ایسے افراد بھی دیکھے ہیں جن کی سوچ اورسمجھ محدود تھی۔
